انتونیو گوتریس

اقوام متحدہ سربراہ کا فلسطینی علاقوں کا انضمام معطل کرنے کے معاہدے کا خیر مقدم

اقوام متحدہ(ڈیلی مسلم ورلڈ) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے

مابین معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے جس کے تحت اسرائیل مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں کو اپنے ساتھ ملانے کے منصوبوں کو

معطل کردے گا۔ان کے ترجمان اسٹیفن ڈوجرک نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ، اسرائیلی وزیراعظم بنیامین

نیتن یاہو اور ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کے مشترکہ بیان کے تحت اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے کے

علاقوں کو اپنے ساتھ ضم کرنے کے منصوبوں کو معطل کردیاگیا ہے اور سیکرٹری جنرل بھی اس چیز کا مستقل طور پر مطالبہ

کرتے آئے ہیں۔بیان میں کہاگیا کہ سیکرٹری جنرل اس معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید کرتے ہیں کہ اس سے اسرائیلی اور

فلسطینی رہنماں کے لئے بامقصد مذاکرات شروع کرنے کا موقع پیدا ہوگا جس سے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں،بین الاقوامی

قانون اور دو طرفہ معاہدوں کے مطابق دو ریاستوں پر مبنی حل حقیقت کی شکل اختیار کرے گا۔بیان میں کہا گیا کہ علاقوں کو اپنے

ساتھ ضم کرنے سے مذاکرات کی تجدید کا راستہ بند ہوجائے گا اور ایک قابل عمل فلسطینی ریاست اور دو ریاستی حل کے

امکانات ختم ہوجائیں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطی میں امن پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے کیونکہ یہ خطہ کوویڈ-19

اور بنیاد پرستی کے سنگین خطرات سے دوچار ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل تمام فریقوں کے ساتھ بات چیت ،

امن اور استحکام کے مزید راستوں کو کھولنے کے لئے کام کرتے رہیں گے۔