انگلینڈ اور پاکستان

انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ آج شروع ہوگا

ساؤتھمپٹن (ڈیلی مسلم ورلڈ) انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا

اور آخری ٹیسٹ میچ آج سے روز باؤل، ساؤتھمپٹن میں شروع ہوگا۔ انگلینڈ کی ٹیم کو پاکستان کے خلاف تین میچوں کی

سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ تیسرا ٹیسٹ جیتنے کی صورت میں فاتح ٹیم کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں

ایک درجہ ترقی ہوسکتی ہے، پاکستان کی فتح کی صورت میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ایک درجہ ترقی کے بعد

چوتھی پوزیشن مل سکتی ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم اگر تیسرا ٹیسٹ جیت گئی تو وہ آسٹریلیا سے دوسری پوزیشن چھین سکتی ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم نے گرین شرٹس کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا .

دوسرا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا۔ انگلینڈ ٹیم کی قیادت جو روٹ کریں گے جبکہ پاکستان کی ٹیم

اظہر علی کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ پاکستان ٹیم کو سیریز برابر کرنے کے لئے آخری ٹیسٹ جیتنا ضروری ہوگا جبکہ

انگلش ٹیم کو سیریز جیتنے کے لئے آخری ٹیسٹ کم از کم ڈرا کھیلنا ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز کے آخری میچ

میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں، اس اعتبار سے توقع کی جارہی ہے کہ ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ سخت اور

کانٹے دار ہوگی۔ اس سے قبل میزبان ٹیم نے کالی آندھی کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ سیریز مکمل ہونے کے بعد دونوں ٹیمیں سیڈول میں شامل تین ٹی20 میچز کھیلنے کے لئے ایک بار پھر

اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر کا رخ کریں گی جہاں تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 28 اگست کو دوسرا میچ 30 اگست

کو جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ یکم ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز

کی سیریز کے تینوں میچ اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلے جائیں گے۔