ہمایوں اختر خان

اپوزیشن کوسیاست کرنے کےلئے اپنے گلے سے کرپشن کا طوق اتارنا ہوگا ‘ ہمایوں اختر خان

اسلام آباد(مسلم ورلڈ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اورکرپشن کے ذریعے تقویت حاصل کرنے والوں کی سیاست کو کفن پہنا دیا گیا ہے.

تحریک انصاف ہرگز یہ نہیں چاہتی کہ اپوزیشن سیاست اور مقابلے کی دوڑ سے باہر ہو تاہم انہیں اب سیاست کرنے کےلئے اپنے گلے سے کرپشن کا طوق اتارنا ہوگا ،”احساس پروگرام “ انقلابی منصوبہ ہے جس سے محروم طبقات کو قومی دھارے میں شامل کیا جارہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے مرکزی دفتر میں وسطی پنجاب او رحلقہ این اے 131سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماﺅں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی صورتحال ،پارٹی امور اور حلقے کے مسائل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت بے پناہ مشکلات کے باوجود پہلے مرحلے میں پناہ گاہوں کے قیام سمیت دیگر ان گنت فلاحی منصوبے شروع کئے ہیںاور جیسے جیسے معیشت کی مضبوطی سے وسائل میسر آئیں گے اس سے مزید دو قدم آگے بڑھ کر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

اپوزیشن کے پیٹ میں یہ مروڑ اٹھ رہے ہیں کہ جس عوام کو ہم نے زندگی کو ترسنے کی نہج تک پہنچایا موجودہ حکومت کیوں ان کا آسرا بن رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کے ذریعے پاکستانی معیشت دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر سکتی ہے اور حکومت ماضی میں نظر انداز کئے گئے شعبوں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے جس کے آنے والے سالوں میں ثمرات سامنے آئیں گے ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو کرپشن کی میراث کو لے کر آگے بڑھنے کی سوچ رکھتے ہیں تو انہیں کبھی کامیابی نہیں مل سکتی ،عوام میں کرپشن کے خلاف شعور آنے کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی سیاست دم توڑ رہی ہے ،

اگر انہیں سیاست کرنی ہے تو اپنے گلے سے کرپشن کا طوق اتارنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کسی کی صحت پر ہرگز سیاست نہیں کرتی ، نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کا فیصلہ ان کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔