پاکستان کارپٹ

برآمدات میں اضافے کیلئے نئی منڈیاں تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے ‘ کارپٹ ایسوسی ایشن

لاہور(ڈیلی مسلم ورلڈ ) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے صدر اور

وزیر اعظم سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات کے بیرون ممالک دوروں کے دوران تجارتی وفود کو ہمراہ

لیجانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے عالمی منڈیوں تک رسائی کے وسیع مواقع میسر آسکتے

ہیں ،برآمدات میں اضافے کے لئے نئی منڈیا ں تلاش کرنا ہوں گی ، موثر مارکیٹنگ کیلئے سوشل میڈیا اور بیرون

ممالک پاکستانی سفارتخانوں کو استعمال میں لانے کی پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار

ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر نے ویڈیو لنک پر دونوں سرکلز کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف ، وائس چیئرمین شیخ عامر خالد،

سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان، اعجاز الرحمان، محمد اکبر ملک،

میجر (ر)اخترنذیر اور دیگر بھی موجود تھے، اس موقع پر کارپٹ انڈسٹری کو درپیش مشکلات کے بارے میں

بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔محمد اسلم طاہر نے کہا کہ ہم پر امید ہیں کہ حکومت نہ صرف برآمدات کی

راہ میں حائل رکاوٹوں بلکہ برآمدکنندگان کے دیرینہ مسائل کو بھی حل کرے گی،کورونا وائرس کی وباء کے

بعد سب سے بڑا مسئلہ برآمدات کوفروغ دینا ہے ، موجودہ حالات میں ہمیں دنیا کے پاس خود جانا ہے اور

اپنی مصنوعات کیلئے نئی منڈیاں تلاش کرناہوں گی ۔ انہو ں نے کہا کہ صدر ، وزیر اعظم اور دیگر اعلیٰ

حکومتی شخصیات اپنے دوروں کے دوران مختصر مگر با اثر کردار کے حامل تجارتی وفود کو اپنے ہمراہ

لے کر جائیں اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے وہاں کے مقامی خریداروں سے ملاقاتوں کا

اہتمام کیا جائے ، بلا شبہ پاکستانی سفارتخانے اپنا بہترین کردار اد اکر رہے ہیں لیکن انہیں برآمدات کے فروغ

کے لئے بھی کردار دیا جائے۔ انہو ں نے کہا کہ سفارتکاروں کو مقامی خریداروں کا ڈیٹا مرتب کرنے اور پھر

انہیں مدعو کر کے پاکستانی مصنوعات سے روشناس کرایا جائے ، موجودہ حالات میں سنگل کنٹری

نمائشیں بھی سود مند ثابت ہو سکتی ہیں جس کیلئے منصوبہ بندی کی جانی چاہیے ۔