بین ڈنک

بین ڈنک کا آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کی خواہش کا اظہار

لاہور(مسلم ورلڈ) لاہور قلندرز کے آسٹریلوی کرکٹر بین ڈنک نے آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کی خواہش کا اظہار کر دیا۔ بین ڈنک نے کہا کہ پاکستان میں اعلی معیارکی سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے، میرے خیال میں آسٹریلوی ٹیم کے یہاں آکرکھیلنے میں کوئی امرمانع نہیں ہونا چاہیے۔

بین ڈنک نے کہا کہ اب یہ دونوں بورڈز پر منحصر ہے کہ دورہ کب ہونا چاہیے، انھوں نے کہا کہ میں نے اپنے بچپن میں شعیب اختر اور رکی پونٹنگ کے مابین برتری کے لیے جنگ دیکھی ہے، اسی طرح کی کشمکش پاکستان کے میدانوں پر بھی دیکھنا چاہوں گا۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ لاہور قلندرز پی ایس ایل فائیو کا ٹائٹل جیتنے کیلیے پرعزم ہیں۔گزشتہ سیزن میں اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوئے تھے لیکن اب نیا سیزن اور نیا چیلنج ہے، ہمیں کئی با صلاحیت کھلاڑیوں کی خدمات میسر ہیں،

شائقین ہم سے بڑی توقعات رکھتے اور بڑے صبرسے بہتر نتائج کا انتظار کرتے رہے ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم میں ہوم گراونڈ پر لاہور قلندرز کو ملنے والی سپورٹ خوش آئند ہے، شائقین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کی کوشش کریں گے، ایک اورسوال پر انھوں نے کہا کہ کسی بھی فرنچائز لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں سے ہمیشہ بڑی توقعات وابستہ کرتی ہیں،

جس بنیاد پر کسی کا انتخاب ہو اس کو درست ثابت کرنے کی کوشش کرنا چاہیے، انھوں نے کہا کہ سہیل اختر گرچہ ایک نوآموز کپتان ہیں مگر ان کو محمد حفیظ اور سمت پٹیل سمیت کئی تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔