فردوس عاشق اعوان

”تمہی نے درد دیا کیا تمہیں دوا دو گے“ فردوس عاشق اعوان کا شہبازشریف کے بیان پر ردعمل

اسلام آباد (مسلم ورلڈ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قوم کے بچوں کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والے عدالت سے چھٹی لے کر بیرون ملک اولاد کے وسائل بڑھانے میں مصروف ہیں، عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والوں کے منہ سے ان کے حل کی بات قوم کے ساتھ ایک کھلا مذاق ہے۔

پیرکو معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان نے ٹویٹر پر صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ”تمہی نے درد دیا کیا تمہیں دوا دو گے“۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والوں کے منہ سے ان کے حل کی بات قوم کے ساتھ ایک کھلا مذاق ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا بیان ان کے اپنے دور کی کہانی ان کی زبانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے دور کے بند کارخانے عوام کے ذہنوں پر ابھی نقش ہیں،عمران خان بند صنعت کا پہیہ چلا رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز صاحب آپ پارلیمان سے تنخواہ لے رہے ہیں،

لیکن کام نہیں کر رہے۔انہوں نے کہاکہ قوم کے بچوں کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والے عدالت سے چھٹی لے کر بیرون ملک اولاد کے وسائل بڑھانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھ کر بیان داغنے پر کیوں اکتفا کر رہے ہیں؟آپ پاکستان آنے سے کیوں گریزاں ہیں؟ ۔