سراج الحق

جماعت اسلامی ایف اے ٹی ایف کے قوانین کی منظوری کے گناہ میں شریک نہیں، سراج الحق

اسلام آباد (ڈیلی مسلم ورلڈ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایف اے ٹی ایف کے قوانین کی منظوری کے گناہ میں شریک نہیں، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق بلوں کی منظوری میں بہت اچھے سہولت کار کا کردار ادا کیا، عوام نے جنہیں اپنے لیے قانون سازی کیلئے پارلیمنٹ میں بھیجا وہ بین الاقوامی اداروں کی نوکری اور غلامی کررہے ہیں۔

بدھ کو یہاں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پارلیمانی رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سینیٹ میں ہونے والی قانون سازی میں مسلم لیگ (ن )اور پیپلزپارٹی کے کردار پر اعتراضات اٹھا دئیے ۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کے دبائو پر ایف اے ٹی ایف سے متعلق بل جلدبازی میں منظور کئے گئے، مسلم لیگ (ن )اور پیپلزپارٹی نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق بلوں کی منظوری میں بہت اچھے سہولت کار کا کردار ادا کیا ۔

سراج الحق نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن )کے رویہ پر اظہار افسوس کیااورکہاکہ بین الاقوامی دبائو کے باعث سب آنکھیں بند کرکے حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں کا حکومت کا ساتھ دینا قابل افسوس ہے۔انہوںنے کہاکہ عوام نے جنہیں قانون سازی کے لیے منتخب کیا ہے وہ بین الاقوامی اداروں کی نوکری اور غلامی کررہے ہیں ۔امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ جن ٹرسٹ کے ہسپتال، سکول اور معذوروں کے ادارے قائم ہیں ان سے چھان بین نہیں ہونی چاہئے، ان فلاحی اداروں کو بین الاقوامی ایجنسیوں اور اداروں کے حوالے نہ کیا جائے ۔سراج الحق نے کہاکہ حکومت اور ان کے سہولت کار نہ تو عوام کو جوابدہ ہیں اور نہ خود کو اللہ کے سامنے ذمہ دار سمجھتے ہیں وہ خود کو بین الاقوامی اداروں کے سامنے جوابدہ سمجھتے ہیں۔