ہمایوں اختر خان

حقیقت میں عمران خان کا وزیر اعظم رہنا کرپشن کرنےوالوں ، اپوزیشن کی سیاست کےلئے مشکلات کا باعث ہے، ہمایوں اختر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اصل حقائق یہ ہیں کہ عمران خان کا وزیر اعظم کے عہدے پر رہنا ملک و قوم کےلئے نہیں بلکہ کرپشن کرنے والوں اور اپوزیشن کی رہی سہی سیاست کےلئے مشکلات کا باعث ہو گا ،اپوزیشن کے پاس حکومت کے خلاف محاذ کھولنے کےلئے کوئی ایجنڈا اور جواز موجود نہیں اس لئے آل پارٹیز کانفرنس کے معاملے پر ”پہلے آپ پہلے آپ “ کا فارمولہ اپنا کر فیس سیونگ کی جارہی ہے ،کورونا وائرس کی وباءتھمنے کے بعد معیشت کا پہیہ دوبارہ چل پڑا ہے اور انشا اللہ بہت جلد اپنی پوری رفتار سے گھومے گا ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے ” پاکستان کی سیاست کے حقائق “ کے موضوع پر منعقدہ ایک تقریب میں خطاب اور وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے رہنماﺅں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عوام اس حقیقت سے آگاہ ہیںکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت معیشت کے ساتھ کیا کھلواڑ کر کے گئی ہے جس کا سارہ بوجھ نئی آنے والی حکومت کو اٹھانا پڑا ۔ حالات جیسے بھی رہے ہوں وزیر اعظم عمران خان خود کبھی مایوس ہوئے اور نہ قوم کو مایوس ہونے دیا اور یہی بڑے لیڈر کی نشانی ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے عوام سے احتساب کے بیانیے پر ووٹ حاصل کیا اور حکومت نے اپنے اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ وہ ہر قیمت ادا کرنے کےلئے تیار ہے لیکن احتساب کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی ، کیا ماضی میں کسی شخص کی ایسی کمٹمنٹ کی کوئی مثال موجود ہے ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ دنیا میں معیشتوںکے کیا حالات ہیں اور یہ کس جانب گامزن ہےں اس کےلئے عالمی ادارے اپنی رپورٹس جاری کرتے ہیں ،حال ہی میںموڈیز سمیت دیگر اداروں کی پاکستان کے حوالے سے حقیقت پر مبنی رپورٹس اپوزیشن کی آنکھیں کھولنے کےلئے کافی ہونی چاہئیں اوراسی وجہ سے ان کی بے چینی بڑھ رہی ہے ۔