شفقت محمود

حکومت کا ملک کے تمام تعلیمی ادارے15 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان، شفقت محمود

اسلام آباد (مسلم ورلڈ) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے حکومت کی جانب سے ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو15 اپریل تک بند رکھنے اور یکم جون تک تمام امتحانات ملتوی کرنے کا با ضابطہ اعلان کر دیا ہے،

کرونا وائرس کے پیش نظر یونیورسٹی ہاسٹلز خالی کرنے کا اطلاق غیر ملکی طلباء پر نہیں ہوگا اور طلباء کیلئے بذریعہ ٹی وی لیکچرز کیلئے پی ٹی وی سے بات کی جائے گی،

یونیورسٹیوں میں داخلے بھی ایک ماہ تاخیر سے ہونگے، تفصیلات کے مطابق بدھ کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسلام آبادمیں پریس کانفرنس میں حکومتی فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صورتحال کا جائزہ لیتی رہے گی اور بچوں کے تحفظ کےلئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ بچوں کا کورونا وائرس سے خیال رکھا جائے، یہی وجہ ہے کہ کورونا وائرس سے بچاﺅ کےلئے حکومت کا پہلا فیصلہ تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا تھا۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ دنیا کو ایک چیلنج درپیش ہے جو موجودہ دور میں پہلی مرتبہ آیا ہے، تعلیم کے محکمے سے ہر پاکستانی کا تعلق ہے،نیشنل سیکیورٹی کونسل کمیٹی میں فیصلہ ہوا تھا ملک بھر کے تعلیمی ادارے 5اپریل تک بند رہیں گے،

اس فیصلے پر مکمل طور پر عمل ہوا اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔27مارچ تک بین الصوبائی وزرا کانفرنس بلا کر اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا کہ تعلیمی ادارے مزید بند کرنے ہیں یا کھولنے ہیں۔

بورڈ کے امتحانات یکم جون سے 15 جون تک تاریخ دے کر لئے جا سکتے جبکہ کیمبرج سسٹم سمیت تمام امتحانات ملتوی کئے گئے ہیں ، کیمبرج سے مئی میں ہونے والے امتحانات جون اور جولائی میں منعقد کرنے کی درخواست کی ہے۔

مزید لائحہ عمل کیلئے صوبائی وزراءتعلیم سے رابطے میں ہیں جبکہ27 مارچ کو آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ملک بھر کے یونیورسٹیوں میں داخلے بھی ایک ماہ تاخیر سے ہونگے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر یونیورسٹی ہاسٹلز خالی کرنے کا اطلاق غیر ملکی طلباءپر نہیں ہوگا اور طلباء کیلئے بذریعہ ٹی وی لیکچرز کیلئے پی ٹی وی سے بات کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد لوک ورثہ اور پی ایس سی اے میں تمام ثقافتی پروگرام منسوخ کر دیئے گئے ہیں اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں ٹیکنالوجی اور مواد کے بارے میں کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں.

جبکہ وزیر اعظم عمران خان کی رہنمائی میں ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں اور کوئی ابہام نہیں چاہتے ہیں مل کر ہی چیلنج سے نمٹا جا سکتاہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت صورتحال کا جائزہ لیتی رہے گی اور بچوں کے تحفظ کےلئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے.