کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود

سرگودھا:کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کمپنی باغ میں فٹ بال سٹیڈیم کو دو ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت

سرگودھا(نمائندہ خصوصی) کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کمپنی باغ میں فٹ بال سٹیڈیم کو دو ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مقررہ مدت میں مکمل نہ کرنے پر ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کیا جائے ۔

وہ اپنے دفتر میں ڈویژنل سپورٹس کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کررہی تھیں ۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر شہباز حسین نقوی ‘ ڈویژنل سپورٹس آفیسر منظر شاہ اور پی ایم یو کے نمائندے بھی موجود تھے۔ کمشنر نے ڈویژن بھر میں جاری سپورٹس سٹیڈیمز وکمپلیکس کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے ‘ جاری فنڈز کو بروقت استعمال کرنے اور انہیں کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے عام کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل صحت مند معاشرے کیلئے ریڑھ کی ہڈ ی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیاں فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔قبل ازیں اپنی بریفنگ میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر منظر شاہ نے بتایاکہ کمپنی باغ سرگودہا سٹیڈیم سست روی کاشکار رہاہے تاہم اس پر 90 فیصد کام مکمل ہے ۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی ضروری ہے اس کی عدم دلچسپی کے باعث شہر کا اہم منصوبہ نظر انداز رہا ۔انہوں نے کہاکہ ٹھیکیدار کو آئندہ دو ماہ میں منصوبہ مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ بھکر میں سٹیڈیم کی تعمیر پر سات کروڑ چالیس لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں جبکہ بھکر شہر میں چار کروڑ 70 لاکھ روپے کاسپورٹس کمپلیکس کا منصوبہ بھی پائپ لائن میں ہے ۔

انہوں نے بتایاکہ منکیرہ میں چالیس لاکھ روپے سے سٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز کیا جارہاہے ۔ خوشاب میں ایوب ہاکی سٹیڈیم پر سال رواں میں چالیس لاکھ روپے او رخوشاب جوہر آباد میں انڈ ور کھیلوں کیلئے کمپلیکس کی تعمیر پر پانچ کروڑ 70لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایاکہ تحصیل قائد آبادمیں سٹیڈیم وسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر پر اب تک تین کروڑ بیس لاکھ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں جبکہ سال رواں کیلئے چالیس لاکھ روپے جاری ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ نور پور تھل میں سپورٹس کمپلیکس آئندہ دو ماہ میں مکمل ہو جائیگا جبکہ تحصیل بھیرہ میں سٹیڈیم کی تکمیل کیلئے سال رواں میں ایک کر وڑ روپے جاری کئے گئے ہیں ۔ضلع میانوالی میں گرڈ اسٹیشن عیسیٰ خیل کرکٹ گرانڈ کی تعمیر کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے ‘گورنمنٹ ڈگری کالج برائے بوائزپپلاں کے کرکٹ گرانڈ کیلئے ایک کروڑ 78 لاکھ روپے ‘ میانوالی کرکٹ سٹیڈیم کی تکمیل کیلئے 60 لاکھ روپے ‘ میانوالی تحصیل سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 70 لاکھ روپے او رعیسیٰ خیل سپورٹس کمپلیکس کیلئے چار کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں ۔

کمشنر نے تمام جاری منصوبوں کی تعمیر کے معیار کو پائیدار اور مضبوط بنانے کے علاوہ تحصیل کوٹ مومن میں سٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ فنڈز ضائع ہونے سے بچائے جاسکیں۔