مہندا راجاپاکسے

سری لنکا کی حکمران جماعت نے پارلیمانی انتخابات میں فتح حاصل کرلی

کولمبو(ڈیلی مسلم ورلڈ) سری لنکا کے انتخابی کمیشن کے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق وزیراعظم مہندا راجاپاکسے کی

سربراہی میں حکمران جماعت پوڈوجانا پیرا مونا (ایس ایل پی پی)نے 5اگست کو پارلیمانی انتخابات میں بھاری اکثریت

سے فتح حاصل کر لی ہے۔سری لنکا پوڈوجانا پیرامونا 225کی پارلیمنٹ میں سے 145نشستیں جیت کر پارلیمنٹ میں دو تہائی

اکثریت حاصل کرنے والی واحد بڑی جماعت بن گئی ہے، سابق صدارتی امیدوار ساجیتھ پریماداسا کی سربراہ میں سماگی

جانا بالاویگایا یا یونائیٹڈ پیپلز فرنٹ 54نشستیں جیت کر دوسرے نمبر پر رہی جبکہ تامل سیاسی جماعت آئی ٹی اے کے

نے 10نشستیں جیتیں۔سابق وزیراعظم رانیل وکرمی سنگھ کی سربراہی میں چلنے والی سری لنکا کی سب سے پرانی

جماعتوں میں سے ایک یونائیٹڈ نیشنل پارٹی کوئی سیٹ نہ جیت سکی۔اپنی پارٹی کی فتح کے بعد ہفتے کے آخر تک

ایس ایل پی پی کے امیدوار مہندا راجا پاکسے قوم کے نئے وزیراعظم کے طور پر حلف اٹھائیں گے جبکہ اگلے

ہفتے تک نئی کابینہ کا اعلان کر دیا جا ئیگا۔ملک کے آئین کے مطابق کابینہ 30وزرا تک محدود رہتی ہے۔

پارٹی کی فتح کے فوری بعد اپنے ٹویٹر اکانٹ پر چھوٹے سے پیغام میں راجا پاکسے نے اپنے ووٹرز کا شکریہ ادا کیا.

اور صدر گوٹابایا راجاپاکسے اور ان پر اعتماد کرنے پر شکرگزاری کی۔راجاپاکسے نے کہا کہ ہم یقین دلاتے ہیں.

کہ سری لنکا ہمارے دور میں مایوس نہیں ہوگا۔ایک بیان میں صدر گوٹابایا راجاپاکسے نے کہا کہ

انہیں ایس ایل پی پی کی فتح کے بعد ایک مضبوط پارلیمان کی تشکیل کا یقین تھا۔