مسلم لیگ (ن) پنجاب

سپریم کورٹ ،پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کرنے والے ہمیں درس نہ دیں’ مسلم لیگ (ن) پنجاب

لاہور(ڈیلی مسلم ورلڈ)مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ ،پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کرنے والے ہمیں درس نہ دیں،ڈی جی چوک میں 126دن امپائر کے انگلی پر ناچنے والے آج مہذب بننے کا واویلہ کررہے ہیں،بزدار حکومت کو ایسا پتھر دکھادے جو بلٹ پروف گاڑی کی سکرین توڑ دے؟۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نیب آفس کے جو شیشے ٹوٹے دکھائے گئے وہ روڈ سے ایک کلو میٹر دور ہیں،ایسی کونسی اینٹ ہے جو کم ازکم ایک کلو میٹر کا فاصلہ طے کرسکتی ہے؟،نیب لاہور آفس کے باہر ایک منظم سازش کے تحت پنجاب حکومت نے لیگی کارکنوں کو اشتعال دلایا۔

پنجاب پولیس کے یونیفارم میں نامعلوم افراد نے مریم نواز کی گاڑی پر حملہ کیا،پولیس کے پتھرائو سے سو سے زائد لیگی کارکن شدید زخمی اور پولیس کے پلانٹڈ زخمی بڑے بوٹوں کے باوجود پیروں سے زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی احکامات پر پولیس لیگی کارکنوں کے گھروں میں چھاپے مار رہی ہے،زخمی کارکنوں کو بھی گھروں سے اٹھایا جارہا ہے،پوری دنیا نے دیکھا کس طرح کٹھ پتلی حکومت نیب اور پولیس کے پیچھے چھپ کر سیاسی کارکنوں پر حملے کر رہی تھی۔

یہ نوازشریف اور شہبازشریف کا حوصلہ ہے جنہوںنے فسادی ٹولے کو پانچ سال برداشت کیا،تحریک فساد پارٹی نے گزشتہ پانچ سالوں میں کوئی دن خالی نہیں جانے دیا جب قوم کو ہر روز نیا ڈرامہ نہ دکھایا ہو۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دو سالوں میں مسلم لیگ (ن) تو ابھی ایک بھی پاور شو نہیں دیکھا،مسلط شدہ وزیراعظم کی ٹانگیں پہلے کانپنا شروع ہو گئی ہیں،اب سلیکٹڈ وزیراعظم کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔