سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے کمشنر کراچی کو فوری طور پر کڈنی ہل پارک کی زمین پر ہونے والی نئی تعمیرات گرانے کا حکم دے دیا

کراچی(ڈیلی مسلم ورلڈ)سپریم کورٹ نے کمشنر کراچی کو فوری طور پر کڈنی ہل پارک کی زمین پر ہونے والی نئی تعمیرات گرانے کا حکم دے دیاہے۔بدھ کوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کڈنی ہل پارک کی زمین پر قبضے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواست گزار نے بتایاکہ عدالتی احکامات کے بعد بھی پارک کی زمین پر تعمیرات جاری ہیں، عدالتی احکامات کے بعد نئی تجاوزات بننا شروع ہوگئی ہیں۔

کمشنر کراچی نے عدالت کو بتایاکہ درخواست میں جس کا ذکر وہ مزار ہے،جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کے ان مزاروں سے ہی تو انکروچمنٹ ہوتی ہے،چیف جسٹس نے کمشنر کراچی کو حکم دیا کہ ابھی جائیں اور جو سنگ بنیاد رکھا ہے وہ بھی گرا دیں، مزار اور مسجد کی پیمائش کرلیں اور رپورٹ جمع کرائیں، کمشنر کراچی نے کہا یہ غیر قانونی ہے۔سول سوسائٹی سے سفارش آئی لیکن اجازت نہیں دی۔

چیف جسٹس نے کمشنر کراچی کو فوری طور پر پارک کی زمین پر ہونے والی نئی تعمیرات گرانے کا حکم دیتے ہوئے مسجد اور مزار کے لیے مختص زمین پیمائش کرکے آج(جمعرات) رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔