شریف خاندان

شریف خاندان کی جانب سے شہری کے آبائو اجداد کی اراضی پر قبضہ کیخلاف درخواست پر شہباز ،مریم نواز 20 اگست کو طلب

لاہور(ڈیلی مسلم ورلڈ)سول کورٹ نے شریف خاندان کی جانب سے شہری کے آبائو اجداد کی اراضی پر قبضہ کے خلاف درخواست پر مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز کو 20 اگست کو عدالت میں طلب کر لیا۔سینئر سول جج فوزیہ سائرہ نے درخواست گزار ڈاکٹر عبد الرئوف کی جانب سے شریف فیملی کیخلاف جاتی امرا ء میں چار ہزار ایکڑ اراضی پر غیر قانونی قبضہ کرنے کی درخواست پر سماعت کی ۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ شریف فیملی نے جاتی امرا ء میں ہمارے آبا ئواجداد کی طرف سے ملنے والی چار ہزار ایکٹر زمین پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا، ہمارے آبا ئواجداد نے 1911 سے 12 میں اس وقت کی راجھ باہ گورنمنٹ سے اراضی خریدی تھی، زمین کا اصل مالک پیر بخش ابھی زندہ ہے جس کے آبائو اجداد نے زمین خریدی، ہمارے پاس تمام دستاویزی ثبوت موجود ہیں جو درخواست کا حصہ بنائے جا سکتے ہیں۔

درخواست گزارنے استدعا کی کہ زمین کی مد میں جو نقصان اٹھانا پڑا اس کا پانچ ہزار کروڑبطور کرایہ ادا کرنے اورمتعلقہ تھانے کے ایس ایچ کو زمین کو واگزار کرانے کا حکم دیا جائے ۔