ترجمان پنجاب حکومت

شہباز شریف بطور قائد حزب اختلاف نہیں مریم نواز کی وجہ سے متحرک ہوئے ہیں’ ترجمان پنجاب حکومت

لاہور( ڈیلی مسلم ورلڈ) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی ڈوبتی سیاست کی بقاء کیلئے کشکول اٹھائے ایک دوسرے کے درپر جارہی ہیں ،شہباز شریف کے متحرک ہوتے ہی اپوزیشن ” راہزن کمیٹی ” کے فعال ہونے اور اے پی سی کے انعقاد کیلئے بغلیں بجانا شروع ہو گئی ہے لیکن سند یافتہ دھوکے باز مسلم لیگ (ن) کی وجہ سے یہ خوشی جلد غارت ہو تی نظر آرہی ہے ،وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے پنجاب کے اضلاع کے دورے شروع کر دئیے ہیں جس کے دورس نتائج برآمد ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں کیا ۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ شوباز شریف نے لندن سے کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے واپس آنے کا دعویٰ کیا لیکن عوام کی مدد کیلئے باہر نکلنے کی بجائے قرنطینہ میں چلے گئے ۔

شہباز شریف اب بطور قائد حزب اختلاف متحرک نہیں ہوئے بلکہ مریم نواز کے فعال ہونے کی وجہ سے انہیں سیاسی سر گرمیاں کرنا پڑ رہی ہیں اور انہیں اپنی سیاست کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ اگر شہباز شریف قائد حزب اختلاف کا مثبت کردار ادا کرتے تو انہیں اپنی ہی جماعت میں کسی چیلنج کا سامنانہ ہوتا ۔ا نہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس کوئی ایجنڈا اور جواز نہیں اس لئے عوام ان کی کسی بھی کال پر پذیرائی نہیں دیں گے۔

اپوزیشن کو اس وقت اپنی ڈوبتی سیاست کی فکر پڑی ہے اسی لئے تمام اپوزیشن جماعتیں کشکول اٹھائے ایک دوسرے کے درپر بیٹھی ہوئی نظرآتی ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے کے اضلاع کے دورے شروع کر دئیے ہیں جس سے انہیں ہر طرح کے حالات اورعوام کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔