عثمان ڈار

عثمان ڈار کی شہباز شریف اور بلاول زرداری سمیت تمام اپوزیشن کو شجر کاری مہم میں شامل ہونے کی دعوت

لاہور(ڈیلی مسلم ورلڈ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے شہباز شریف اور بلاول زرداری سمیت تمام اپوزیشن کو شجر کاری مہم میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آگے بڑھیں اور سیاسی نفرتیں ایک طرف رکھ کر ملک کو سر سبز کرتے ہیں،ہم اپوزیشن کو یکجہتی کا پیغام دیتے ہیں ، قوم دیکھے گی کہ ٹائیگرز فورس کے اہلکار کورونا وباء کے بعد شجر کاری کرتے ہوئے بھی نظر آئیں گے۔

ان خیالات کا اظہارا نہوںنے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ عثمان ڈار نے کہاکہ آج 9 اگست کو ٹائیگر فورس ڈے منایا جا رہا ہے ،ہم درخت لگانے کے حوالے سے تاریخ رقم کرینگے ،کراچی سے وزیرستان تک ٹائیگر فورس کے جوان پودے لگاتے نظر آئیں گے ،کورونا کی وبا ء کے دوران ٹائیگرز فورس کے جوانوں نے ذمہ داری اور بہادری کے ساتھ بہت اعلی کام کیا ،اسی وجہ سے وزیراعظم نے ٹائیگرز فورس کو خراج تحسین پیش کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 520 مقامات پر تقریبات ہوں گی ،پنجاب میں 12 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ،خیبر پختوانخواہ میں 853 مقامات پر ٹائیگر فورس دیگر محکموں کے ساتھ مل کر 5 لاکھ پودے لگائیں گے ۔انہوںنے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی بنائی گئی ایپ کے ذریعے وجوان ٹائیگر فورس کا حصہ بن سکتے ہیں،ٹائیگر فورس کی رکنیت سازی دوبارہ شروع کر دی گئی ہے ،وزیراعظم کے مطابق نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں ،کورونا، ماحولیاتی تبدیلیوں کے دوران پاکستان کو چیلنجز کا سامنا ہے ،یہ ٹائیگر فورس کے نوجوان کورونا، ماحولیاتی تبدیلیوں سمیت 10 لاکھ پودے لگانے کے پروگرام میں بھرپور کردار ادا کرینگے ۔

ا نہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان خود بھی اسلام آباد میں ٹائیگر فورس کے ساتھ مل کر پودے لگائیں گے ،گورنر و وزرائے اعلی بھی ٹائیگر فورس کے ساتھ مل کر اپنے اپنے صوبوں میں پودے لگائیں گے ،تمام وفاقی و صوبائی وزرا ء اپنے اپنے حلقوں میں شجرکاری مہم میں حصہ لیں گے ،ٹائیگر فورس کی ایپ میں گرین سیلفی کی آپشن بھی رکھی گئی ہے ،میں اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر ملک کو سرسبز کرتے ہیں ،شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری اور خواجہ آصف سمیت سب کو دعوت دیتا ہوں ۔

سندھ میں ٹائیگر فورس کے ہزاروں جوان وزیراعلی سے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں ،آئیں مل کر کراچی اور سندھ کو سرسبز کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگر ز فورس کے لئے ٹوپیاں اور شرٹس اپنی جیب سے بنوائیں ہیں جبکہ دیگر لوگ بھی رضاکارانہ چیزیں بنو ا کر دے رہے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ ان لوگوںنے بغیر کسی معاوضے کے بہترین کام کیا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس والوں کو کارڈ ایشو کئے گئے ہیں قانون میں ہاتھ لینے والا ٹائیگر فورس کا جوان قانون کی گرفت میں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر سندھ حکومت ٹائیگر فورس کے ساتھ مل کر کام کرتی تو کراچی میں بارش کی تباہی کے دوران یہ نوجوان بھرپور کردار ادا کرتے ۔ انہوںنے کہا کہ بلین ٹری منصوبے کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے ،وزیراعظم کے مرغی، انڈے، کٹے پال پروگراموں کا مذاق اڑایا گیا لیکن لاکھوں مزید نوجوان ان سکیموں میں آنا چاہتے ہیں ،ہمارے پنجاب بھر میں قائم نرسریوں میں 20 لاکھ سے بہت زیادہ تعداد میں پودے اس وقت بھی موجود ہیں ،ہمیں پودوں اور ٹائیگر فورس پر سیاست کرنے کی ضرورت نہیں ،وزیراعظم کے وژن کی آنے والے کل میں پوری دنیا تعریف کرے گی ۔