خواجہ سعد رفیق

عرب امارات کااسرائیل کو تسلیم کرنا معمولی واقعہ نہیں ،اثرات پاکستان پر پڑینگے’ خواجہ سعد رفیق

لاہور( ڈیلی مسلم ورلڈ ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دو سال ملک و قوم کے لئے تباہ کن رہے ، اس عرصے میں جبر ،استحصال غربت اور ناانصافی بڑھی ،حکومت کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ مخالفین کو رگڑا لگائو اور کچل دو،کیا 22کروڑ عوام کا ملک انتقام پر چل سکتا ہے ، متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے اور یہ معمولی واقعہ نہیں ہے ، جال پھیلایا جائے گا اور اس کے پاکستان پر بھی اثرات پڑیں گے جس کے لئے ضروری ہے کہ ملک میں د اخلی استحکام ہو ۔

نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سول حکومت کی بہت ذمہ داریاںہوتی ہیں لیکن موجودہ حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہی، حکومت کا ایجنڈا صرف مخالفین کو رگڑا لگانا اور انہیں کچلنا ہے ، حکومت نے دو سال میں معیشت تباہ کر دی ،حکمران پنے برے کام پچھلی حکومت پر ڈال دیتے ہیں۔اس حکومت کے دور میں ملک میں غربت اور لا قانونیت بڑھی ہے اور نا انصافی کا کوئی حال نہیںبلکہ انصاف کا حصول محال ہو گیا ہے۔

کیا اتنا بڑا ملک اس طرح چل سکتا ہے ۔ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے یہ کوئی معمولی واقعہ نہیں،آپ دیکھیں گے یہ چال پھیلا یا جائے گا اور پاکستان پر بھی اس کے اثرات پڑیں گے ،یہ وقت ہے پاکستان میں داخلی انتشار کی بجائے استحکام ہو قومی ایجنڈے پر سب ایک ہوں لیکن حکومت کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔