لیجنڈری اداکار امان اللہ

لیجنڈری اداکار امان اللہ کے نام سے سڑک منسوب کرنے کی قرارداد جمع

لاہور (مسلم ورلڈ) مسلم لیگ ن نے پنجاب کی ایک سڑک لیجنڈری مزاحیہ اداکار امان اللہ کے نام سے منسوب کرنے کی قرار داد جمع کرادی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی راحت افزا نے ایوان میں قرار داد جمع کرائی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اداکار کی خدمات کے پیش نظر کسی سڑک کا نام ان سے منسوب کیا جائے۔

پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی جانے والی قرار داد کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ایوان امان اللہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتا ہے اور اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کسی صورت پر نہیں کیا جاسکتا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز معروف کامیڈین امان اللہ 70 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے، وہ گردوں اور پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا تھے۔