پاکستان ٹیم

مانچسٹر ٹیسٹ، پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 326 رنز بناکر آؤٹ

مانچسٹر (ڈیلی مسلم ورلڈ) شان مسعود کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی اپنی پہلی

اننگز میں 326 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، شان مسعود 156، بابر اعظم 69 اور شاداب خان 45 رنز بناکر نمایاں رہے، سٹورٹ براڈ اور

جوفرا آرچر کی تین ، تین اور کرس ووکس نے دو وکٹیں حاصل کیں، انگلینڈ کی ٹیم نے میچ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک

پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنالئے اور اسے پاکستان کی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 234 رنز درکار

ہیں،پاکستان ٹیم کے باؤلرز انگلینڈ ٹیم کی اننگز کے آغاز سے ہی ان پر حاوی ہوگئے اور شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور کی چوتھی

گیند پر رورے برنز کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پویلین کی راہ دکھا دی۔ شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس نے میزبان ٹیم کے

مجموعی 12 سکور پر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا۔ مانچسٹر میں جمعرات کو پاکستان نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 139 رنز 2 کھلاڑی

آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو بابر اعظم 69 اور شان مسعود 46 رنز پر کھیل رہے تھے، بابر اعظم پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے

والے کھلاڑی تھے جو اپنے گزشتہ روز کے انفرادی سکور میں بغیر کسی اضافے کے جیمز اینڈرسن کی گیند پر کپتان جو روٹ کے

ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انکے بعد اسد شفیق اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان یکے بعد دیگرے بالترتیب 7 اور 9 رنز بناکر پویلین

لوٹ گئے، اسد شفیق کو براڈ اور محمد رضوان کو ووکس نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد شان مسعود اور شاداب خان انگلش باؤلرز کے

سامنے ڈٹ گئے اور شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 105 قیمتی رنز بناکر اپنی ٹیم کا مجموعی

سکور 281 رنز تک پہنچا دیا تاہم اس موقع پر شاداب خان 45 رنز بناکر ڈومینک بیس کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے،

انکے بعد کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکا، یاسر شاہ 5، محمد عباس صفر پر آؤٹ ہوگئے، اس موقع پر شان مسعود کی

شاندار اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ پاکستان کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 156 رنز بناکر سٹورٹ براڈ کی گیند پر ایل بی

ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، نسیم شاہ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو کوئی رن بنائے بغیر سٹورٹ براڈ کی گیند پر جوز بٹلر

کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، شاہین شاہ آفریدی 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 326 رنز بناکر

آؤٹ ہوگئی، انگلینڈ کی طرف سے سٹورٹ براڈ اور جوفرا آرچر نے 3,3 کرس ووکس نے 2 جبکہ جیمز اینڈرسن اور ڈومینک بیس نے

ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں پاکستان ٹیم کے باؤلرز میزبان ٹیم پر حاوی ہوگئے، انگلینڈ کی طرف سے رورے برنز اور

ڈومینک سیبلے نے اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا، انگلش اننگز شروع ہوئی تو شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور کی چوتھی

گیند پر رورے برنز کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پویلین کی راہ دکھا دی، تیسرے اوورز کی دوسری گیند پر محمد عباس نے ڈومینک

سیبلے کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا، محمد عباس نے اپنے اگلے ہی اوور میں بین سٹوکس کو صفر پر کلین بولڈ کر دیا، اس وقت انگلینڈ

کا مجموعی سکور 3 وکٹوں کے نقصان پر 12 رنز تھا۔ پاکستانی باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث میزبان ٹیم کے کپتان جو روٹ

بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور وہ 14 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

میچ کے دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنالئے تھے اور

اسے پاکستان کی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 234 رنز درکار تھے۔ اولی پوپ 46 اور جوز بٹلر 15 رنز کے ساتھ

ناٹ آؤٹ ہیں۔ پاکستان کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد عباس نے دو، شاہین شاہ آفریدی

اور یاسر شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔