یوم پاکستان سادگی

ملک بھرمیں کورونا وائرس کی وجہ سے یوم پاکستان سادگی سے منایا گیا، قومی اعزازات کی تقاریب منسوخ

اسلام آباد (مسلم ورلڈ) ملک بھر میں یوم پاکستان سادگی سے منایا گیا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح کے آغاز پر 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی،

نعرہ تکبیراور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے جب کہ نماز فجر میں وطن عزیزکی سلامتی، ترقی اورخوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح کے آغاز پر 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی

یوم پاکستان پر منعقد ہونے والی تمام سرکاری اور غیرسرکاری تقریبات منسوخ کر دی گئیں تاہم دن کے آغاز پر مساجد، گرجا گھروں، مندروں اور گورودوارں میں عبادت کے دوران ملک کی سلامتی، ترقی خوشحالی اورخاص طورپرکورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔

قومی اعزازات کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں ہونا تھی جس میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف شخصیات کوعسکری وسول اعزازات سے نوازنا تھا، گورنر ہاوسز میں ہونیوالی اعزازات کی تقاریب بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

اسی طرح لاہورمیں مزاراقبال پرگارڈزکی تبدیلی کی تقریب بھی نہیں ہوئی جب کہ واہگہ بارڈر، گنڈا سنگھ بارڈر پر قومی پرچم اتارے جانے کی تقریبات میں بھی شہری شریک نہیں ہوسکے۔واضح رہے کہ 23 مارچ وہ عظیم دن ہے جب انگریز کی غلامی سے نجات پانے کے لیے قرار داد پاکستان منظور کی گئی۔

قرارداد پاکستان کا نام قرارداد لاہور تھا لیکن متعصب ہندو پریس نے از خود اس کو قرار دادِ پاکستان کہنا شروع کردیا۔ سن 1940 میں آج ہی کے دن لاہور کے منٹو پارک میں قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی جس کا مقصد جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے الگ وطن کا قیام تھا اور پھر برصغیر کے مسلمانوں کےلیے تاریخی تحریک شروع ہوئی۔اس کے 7 برس بعد مسلم لیگ اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہی اور اسلامی جمہوریہ پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھر آیا۔