عمران اسماعیل

نیا نقشہ سیاسی نہیں ، پاکستان کا حقیقی نقشہ ہے، گور نر سندھ عمران اسماعیل

کراچی(ڈیلی مسلم ورلڈ)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مقبوضہ کشمیرکو پاکستان کے نقشے کا حصہ بننے سے متعلق کہا ہے کہ یہ ہی پاکستان کا حقیقی نقشہ ہے۔

کینٹ اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیری عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہم کشمیر کو الگ نہیں سمجھتے ہیں یہ ہمارا حصہ ہے، پانچ اگست کو یوم استحصال کشمیر کے طور پر منایا گیا ہے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ یہ سیاسی نقشہ نہیں پاکستان حقیقی نقشہ ہے،یہ نیا نقشہ پاکستان کی اصل ترجمانی کرتا ہے۔عمران اسماعیل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی بندش کا مقدمہ وزیر اعظم عمران خان نے پوری دنیا کے سامنے لڑا اور نئے نقشے سے وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا اصل مؤقف سامنے رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سری نگر کو بھارتی فوج نے دہشت نگر بنادیا ہے، کشمیر کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنتے ہوئے خاموشی سے نہیں دیکھ سکتے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے پاکستان کے نئے نقشے کی منظوری دے دی ہے اور یہ نیا نقشہ اقوام متحدہ میں پیش کیا جائے گا۔

اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیرپاکستان کا حصہ بنے گا، یہ نقشہ پہلا قدم ہے، تمام کشمیر ی اور ملکی قیادت نے اس نقشے کی تائید کی ہے، اب پاکستان کا سرکاری نقشہ وہی ہوگا جو کابینہ نے منظور کیا ہے۔