مریم اورنگزیب

نیب نیازی گٹھ جوڑ عوام کی خدمت کرنے والوں کو سزا دینے کے سیاسی انتقام کے مشن پر ہے’ مریم اورنگزیب

لاہور( ڈیلی مسلم ورلڈ )پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے حنیف عباسی کو نیب میں طلب کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ عوام کی خدمت کرنے والوں کو سزا دینے کے سیاسی انتقام کے مشن پر ہے ،حنیف عباسی کو نیب نیازی گٹھ جوڑ کا بھجوایا جانے والا سوالنامہ مضحکہ خیز اور تضادات کا مجموعہ ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑکے خلاف سپریم کورٹ، اسلامی نظریاتی کونسل، بارایسوسی ایشنز اور عوام اپنا عدم اعتماد کا نوٹس جاری کرچکی ہیں ،نیب نیازی گٹھ جوڑ نے ملک میں احتساب کا مذاق اور سیاسی انتقام کی تاریخی مثال قائم کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں پر نیب نیازی گٹھ جوڑ کو تکلیف ہے ،نیب نیازی گٹھ جوڑ جو مرضی ہتھکنڈے اختیار کر لئے نوازشریف کی ٹیم کوخوفزدہ نہیں کرسکتا ،حنیف عباسی نوازشریف کے بہادر ، وفادار سپاہی اور ساتھی ہیں،

ہر آندھی اور طوفان کا حنیف عباسی نے ڈٹ کا سامنا کیا اور سرخرو ہوئے ، ایک بار پھر سرخرو ہوں گے ،جب بھی موقع ملا نوازشریف اور شہبازشریف کے ساتھ راولپنڈی کے عوام کی پھر خدمت کریں گے ،شہبازشریف کی قیادت میں راولپنڈی میٹرو، کارڈیالوجی ہسپتال کے لئے حنیف عباسی نے دن رات محنت کی۔