وزیراعلی سندھ

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ایپیکس کمیٹی کا اجلاس 17 اگست کو طلب کرلیا

کراچی(ڈیلی مسلم ورلڈ)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ایپیکس کمیٹی کا اجلاس 17 اگست کو طلب کرلیاہے۔ آخری اجلاس دسمبر2018میں ہوا تھا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی درخواست پر ایپکس کمیٹی سندھ کا اجلاس پیر17 اگست کی صبح طلب کرلیا ہے،اجلاس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل ہمایوں عزیز کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان اور کراچی سیف سٹی پراجیکٹ پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں شرکا کو موٹر سائیکلوں پر ٹریکر کی تنصیب کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔اس سے قبل گزشتہ ماہ ایپکس کمیٹی کو دوبارہ فعال کرنے سے متعلق اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ فیصلہ صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے، دہشت گرد گروپس کو غیر ملکی فنڈنگ اور تخریب کاری کے بڑھتے واقعات پر کیا گیا۔

سندھ میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات جن میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے، صوبے کے دیگر اضلاع میں کریکر حملوں اور تخریک کاری کے واقعات کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ پاکستان میں دہشت گردی کرانے کے لیے بڑے پیمانے پر غیرملکی فنڈنگ کی گئی ہے اور دہشت گردوں کے مختلف گروپس کو مشترکا طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے میں ملوث دہشت گرد وں کا تعلق بھی مختلف گروپس سے تھا۔بھاری فنڈنگ کے سبب ہی دہشت گردوں نے ماضی کے برعکس دہشت گردی کی کارروائی کے لیے چوری یا چھینی گئی گاڑی استعمال نہیں کی بلکہ گاڑی خریدی گئی۔کراچی، گھوٹکی اور دیگر شہروں میں کریکر حملوں میں علیحدگی پسند تنظیموں کے مختلف گروپس کو استعمال کیاگیا، جن میں دیہی سندھ اور کراچی کے بعض دہشت گرد گروپس شامل ہیں، دہشت گردوں کے دوبارہ منظم ہونے اور اس طرز کے واقعات کے ساتھ دہشتگردوں کی فنڈنگ کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد سندھ حکومت نے صوبائی ایپکس کمیٹی کو دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔