کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود

پاکستان اورافغانستان دو ایسے ممالک ہیں جہاں پولیو کے کیسز سامنے آرہے ہیں جو بڑا المیہ ہے، فرح مسعود

سرگودہا(ڈیلی مسلم ورلڈ)کمشنر سرگودہا ڈاکٹر فرح مسعودنے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان اور افغانستان دو ایسے ممالک ہیں جہاں پولیو کے کیسز سامنے آرہے ہیں جو پاکستانیوں کیلئے بہت بڑا المیہ ہے۔

پاکستان سے زیادہ پسماندہ ممالک نے پولیو پر قابو پالیا ہے۔ہیلتھ ورکر ز پر ان حالات میں بڑی زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پولیو مہم کو قومی فریضہ سمجھ کر انتہائی تندہی اور احساس ذمہ داری سے مکمل کریں تاکہ ملک سے پولیو کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔زرائع کے مطابق کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز اور پولیو ٹیمیں 17اگست سے شروع ہونے والی پانچ روزہ پولیو مہم کو’ابھی نہیں تو کبھی نہیں’کے ماٹو کے تحت چلائیں اور پولیو کے خاتمہ کے عزم صمیم کو اپنی زمہ داری کا حصہ بنائیں۔

یہاں یونین کونسل 141میں محکمہ صحت کی ڈسپنسری میں پولیو مہم کا حصہ بننے والی پولیو ٹیم کی تربیتی ورکشاپ کے اچانک دورہ پر کمشنر نے پولیو ٹیم کے تربیتی معیار کو چیک کرنے کیلئے ممبران سے سوالات کئے۔پولیو ویکسین کے تحفظ ،انسداد کرونا احتیاطی تدابیر ،ڈور و فنگر مارکنگ کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے ٹیموںپر زور دیا کہ وہ اس پولیو مہم کے دوران پولیو کے خاتمہ میں حائل رکاوٹوں کا عمیق مشاہدہ اور ادراک کریں۔

ان خامیوں کو دور کریں تاکہ پولیو مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا جا سکے۔ انہوں نے احساس دلایا کہ قوم کے بچوں کو اپنا بچہ تصور کریںاور انکی اپنے بچوں جیسی قدر کے ساتھ انہیں پولیو سے محفوظ بنائیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ نے بتایا کہ یونین کونسل 141 کی کل آبادی چوبیس ہزار 967ہے جبکہ پانچ سال سے کمر عمر کے بچوں کی کل تعداد چوبیس سو ہے جن کیلئے سات موبائل دو مستقل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ ایک ایریا انچارج ایک ایم او تعینات کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یونین کونسل میں مہم کا آغاز 15اگست سے ہو گا اور بچوں کو وٹامن بھی دیئے جا ئیں گے تاکہ انکا مدافعتی نظام مضبوط ہو سکے۔ کمشنر نے ٹیم کے اراکین کے تربیتی معیار کو سراہا اور انکی تعریف کی۔