پنجاب فوڈ اتھارٹی

پنجاب فوڈ اتھارٹی کاغیرمعیاری دودھ کےخلاف کریک ڈاﺅن

قصور(مسلم ورلڈ) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ قصور کاغیر معیاری دودھ کے خلاف کریک ڈاﺅن ‘1900 لیٹر ناقص اور مضر صحت دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا ۔

ڈائریکٹرلاہو رڈویژن پنجاب فوڈ اتھارٹی کی نگرانی میں اسسٹنٹ کمشنر قصور انعم زید اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن پنجاب فوڈ اتھارٹی قصور نے دودھ کے معیار کو چیک کرنے کیلئے پولیس کے ہمراہ مصطفی آباد ٹول پلازہ پر علی الصبح ناکہ لگایا اور 106 دودھ والی گاڑیوں اورموٹر سائیکلوں کوروک کر 47 ہزار 500 لیٹر دودھ کو موقع پر ہی ٹیسٹ کیا جن میں سے 1900لیٹر دودھ ناقص اور مضر صحت پایا گیا جس کو موقع پر تلف کر دیا گیا۔

جبکہ اس موقع پر پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم نے درجنوں کیمیکل ڈرموں کو بھی قبضہ میں لے لیا جن میں دودھ سپلائی کیا جا رہا تھا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر قصور انعم زید کا کہنا تھا کہ پانی ملا ، پاﺅڈر ، کیمیکل اور دیگر اجزاءسے مصنوعی تیار کردہ دودھ فروخت کرنیوالوں کےخلاف مسلسل کاروائیاں کی جائینگی تا کہ شہریوں کو خالص دودھ کی فراہمی ممکن ہو سکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر قصور کے حکم پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کیساتھ ملکر ناقص دودھ کی روک تھام کیلئے جامع پالیسی پر عملدرآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگااور ملاوٹ کرنیوالوں کے خلاف سخت کاروائیاں عمل میں لائی جائینگی ۔