پنجاب یونیورسٹی

پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے بی اے فائنل کے آن لائن پیپرز کا تجربہ ناکام

راولپنڈی (ڈیلی مسلم ورلڈ) پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے بی اے فائنل کے آن لائن پیپرز کا تجربہ ناکام

ہوگیا،اُمیدواروں کی اکثریت ابتدائی پیپر دینے سے محروم رہ گئی۔تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی نے کورونا وباء

کے پیش نظرآن لائن امتحانات لینے کا فیصلہ کیا تھا،جس کے مطابق اُمیدواروں نے گھرمیں پیپرزدینے تھے،

شروع میں طلبہ کواساتذہ کی جانب سے سمارٹ فونزلینے کی ہدایت کی گئی اوریہ خبریں بھی پھیلائی گئیں کہ

انہیں فونز کے ذریعے ہی امتحانات لئے جائیں گے،جس پروالدین پرفون خریداری کا بھاری بھرکم بوجھ آن پڑاتاہم

فون خریدنے کے بعدیونیورسٹی نے پیپرزلیپ ٹاپ کے ذریعے لینے کا باضابطہ فیصلہ کرلیاجس پرایک بارپھر

والدین کوبھاری اخراجات کرنے پڑے تاہم بڑی تعدادمالی مسائل کے باعث لیپ ٹاپ خریدنے سے ہی قاصررہی،

تاہم جن طلباء نے پیپرزدئیے وہ لیپ ٹاپ کے تکنیکی مسائل ہی میں اُلجھتے رہے جبکہ یونیورسٹی کا آئی ٹی

ڈیپارٹمنٹ بھی اس معاملے میں مطلوبہ مہارت نہ دکھا سکا جس کا خمیازہ اُمیدواروں کو بھگتنا پڑا اوراُمیدواروں

کی ایک محدودتعداد ہی ابتدائی پرچے دینے میں کامیاب ہوسکی،متا ثرہ طالبات مریم،اقصٰی،حفضہ،خطیبہ،ماہ

نور،سعدیہ اوردیگرنے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی اُمیدوراروں کوامتحان دینے کے

طریقہ کارسے مکمل طورپرآگاہی میں ناکام رہی،انھوں نے کہا ہم پہلا پیپرہی نہیں دے سکیں،اگلے پیپرزکی

صورتحال بھی غیریقینی لگ رہی ہے،انھوں نے کہا کہ یونیورسٹی تکنیکی مسائل کوسوفیصدحل کرے۔اس سلسلے

میں یونیورسٹی انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم کوئی ذمہ داراس کیلئے دستیاب نہ ہوسکا۔