بلاول بھٹوزر داری

پی پی پی اقلیتوں کے مساوی حقوق کے لئے مساوات و جمہوری معاشرے کے قیام کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی، بلاول بھٹو زر داری

اسلام آباد (ڈیلی مسلم ورلڈ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹوزر داری نے کہاہے کہ پی پی پی اقلیتوں کے مساوی حقوق کے لئے مساوات و جمہوری معاشرے کے قیام کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔

منگل کو پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں کہاکہ پی پی پی اقلیتوں کے مساوی حقوق کے لئے مساوات و جمہوری معاشرے کے قیام کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی تاکہ پاکستان میں ہر شہری اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزار سکے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی قائداعظم کے اْس تصور کی حقیقی وارث ہے، جس کا اظہار انہوں نے 11 اگست کے خطاب میں کیا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ یہ ہی وہ نظریئہ تھا جو 1973ع کے آئین کی روح ہے،1973 کے آئین میں اقلیتوں کو مساوی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے،بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ 1973ع کا متفقہ آئین پاکستانی قوم کے لیئے ملک کے پہلے منتخب وزیر اعظم شہید بھٹو کا تحفہ ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کو بااختیار بنانا پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق و بھبود کے لیئے عملی اور انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بطور وزیراعظم اقلیتوں کے مسائل کے حل و بھبود کے لئے علیحدہ وزارت قائم کی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ سابق صدر آصف زرداری نے اقلیتوں سے اظہار یکجہتی کے لئے 11 اگست کو قومی دن کے طور پر منانے کا آغاز کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے پارلیامنٹ سمیت تمام حکومتی اداروں میں اقلیتوں کی مناسب نمائندگی کو یقینی بنایا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کا کردار اور قربانیاں طویل، شاندار اور تاریخی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اقلیتوں کا یہ کردار و قربانیاں ہمارے اجتماعی فخر کا سبب ہیں،آج ہم سب کو یہ عہد کرنا چاہیئے کہ مختلف مذاہب کے پیروکار ہونے کے باوجود، ہم سب ایک قوم ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عہد کریں کہ ہم پاکستان میں رواداری ، ہم آہنگی ، اتحاد اور خوشحالی کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کمزور اور پسماندہ طبقات کے لئے آہنی قلعہ بن کر رہے گی،پی پی پی قیادت اپنے کارکنان کے ساتھ مل کر ہر صورت میں پسماندہ طبقات کی لڑائی لڑتی رہے گی۔