پولیومہم

چنیوٹ ڈپٹی کمشنرنےبچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر پولیومہم کا افتتاح کر دیا

چنیوٹ (نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر پولیومہم کا افتتاح کر دیا۔ انکے ہمراہ سی او ہیلتھ ڈاکٹرمشتاق بشیرعاکف۔ ڈی ایچ او ڈاکٹرشہزادخلیل۔ ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر محمد اعظم و دیگر بھی موجود تھے،ضلع چنیوٹ میں 15 اگست سے شروع ہونے والی پولیو مہم میں 2 لاکھ 64 ہزار 59 بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی،

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ریاض کا کہنا تھا کہ حکومتی کوششوں کے ساتھ ساتھ عوام کا احساس ذمہ داری وطن عزیز سے پولیو جیسی موذی اور جان لیوا بیماری کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے، انکا مزید کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے پولیو مہم کو سو فیصد کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، پولیو ٹیموں کے ذریعے ضلع کے کونے کونے میں بچوں کو تلاش کر کے حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ ننھے پھول جیسے بچے ہمارا مستقبل ہیں اس لیے اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے کسی بھی جانب سے کوتاہی یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی،

انہوں نے والدین کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اپنے 5سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے،انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہمارے ضلع چنیوٹ میں ابھی تک پولیو کا کوئی بھی کیس رجسٹرڈ نہیں ہوا، ہمارا ضلع پولیو سے مکمل پاک ہے مگر ہم نے آرام سے نہیں بیٹھنا اور اس کو جڑ سے اکھاڑنا ہمارا مشن ہے جس کیلئے مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے لہٰذا ملک بھر سے پولیو کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مل جل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،

محکمہ ہیلتھ کے افسران نے اس موقع پر بتایا کہ پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے264059 بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی جبکہ اس مہم میں 573 ٹیمیں حصہ لیں گی اور 44یو سی ایم اوز کی زیر نگرانی پولیو مہم جاری رہے گی۔