چاؤلی جیان

چین کی افغانستان میں قیام امن کے لئے مفاہمتی عمل کی حمایت

بیجنگ(ڈیلی مسلم ورلڈ) چین نے افغانستان میں قیام امن کے لئے مفاہمتی عمل کی حمایت کی ہے۔

چینی ریڈیو کے مطابق افغان حکومت نے حال ہی میں زیرحراست چار سو طالبان قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ

کیا ہے۔ اس حوالے سے چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان چاؤلی جیان نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ

چین افغان حکومت اور عوام کی جانب سے اپنے قومی تقاضوں کے مطابق مشاورت اور بات چیت کے ذریعے

اہم فیصلوں کا خیرمقدم کرتا ہے، اس اقدام سے ملک میں امن اور مصالحتی عمل کو آگے بڑھانے کی عکاسی

ہوئی ہے اور افغانستان میں مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو گا۔چینی ترجمان نے مزید کہا کہ قیدیوں کی

رہائی کا معاملہ افغان حکومت اور طالبان کے مابین باہمی اعتماد سازی اور بین الافغان مذاکرات کے آغاز کا

ایک اہم جزو ہے، افغانستان کی موجودہ صورتحال ایک نازک موڑ پر ہے، تمام فریقین کو افغانستان کے حوالے

سے اپنے وعدوں اور معاہدوں کی پاسداری کرنی چاہئے تاکہ افغانستان کی صورتحال منظم طور پر بہتری کی

جانب بڑھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ چین مسئلہ افغانستان کے سیاسی تصفیے اور ملک میں امن اور

مفاہمتی عمل کو فروغ دینے میں تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔