وزیر خارجہ

کشمیری تنہا نہیں ، پاکستان کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا ،وزیر خارجہ

اسلام آباد (ڈیلی مسلم ورلڈ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیری تنہا نہیں ، پاکستان کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا ،مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے دنیا بے خبر نہیں ہے،جب تک کشمیریوں کی قیادت پابند سلاسل ہے میں وکالت کروں گا،کشمیریوں کی آواز کو ہر ملک کے دارالخلافہ تک لے کر جاؤں گا ۔

یوم استحصال 5 اگست کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ویڈیو پیغام میں کہاکہ میں ایک دفعہ پھر آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے تمام کشمیریوں کو، باور کروانا چاہتا ہوں کہ آپ تنہا نہیں ہیں،ہر پاکستانی آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ہمیں آپ کی تکالیف کا احساس ہے۔

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف خلاف ورزیوں اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے دنیا بے خبر نہیں ہے،آج دنیا کے سامنے ہندوستان کا اصلی چہرہ ہے نقاب ہو چکا ہے،وزیر اعظم عمران خان بطور سفیر کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں،میں آج کشمیریوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ جب تک ان کی قیادت پابند سلاسل ہے میں ان کی وکالت کروں گا،میں کشمیریوں کی آواز کو ہر ملک کے دارالخلافہ تک لے کر جاؤں گا ۔

انہوںنے کہاکہ بطور وزیر خارجہ آپ کی ترجمانی کرنا میرے فرایض میں شامل ہے اور انشاء اللہ فتح آپ کی ہو گی ،4 ماہ کے لاک ڈاؤن سے، دنیا کی چیخیں نکل گئیں لیکن مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری کرفیو کو آج ایک سال ہو چکا ہے ،نہتے کشمیری فوجی محاصرے میں دوہرا لاک ڈاؤن جھیلنے پر مجبور ہیں ،غاصبوں کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ جبر کے ذریعے کشمیریوں کے حوصلے پست کر لیں گے ،تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جب کوئی قوم کھڑی ہو جاتی ہے تو کوئی غاصبانہ فوج اسے دبا نہیں سکتی اور آج کشمیری کھڑے ہو چکے ہیں اور پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے انشاء اللہ ہم کامیابی سے ہمکنار ہوں گے اور کشمیر جلد اس جبر سے آزاد ہو گا۔