پی ایس ایل پر پابندی

کورونا وائرس، محکمہ صحت سندھ کی پی ایس ایل پر پابندی کی تجویزمسترد

کراچی (مسلم ورلڈ) کراچی میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث محکمہ صحت سندھ نے شہر میں عوامی اجتماعات اور پی ایس ایل پر بھی پابندی لگانے کی تجویز دیدی ہے تاہم سندھ حکومت نے یہ سفارشات مسترد کردی ہیں،

دوسری جانب سے پی سی بی نے پی ایس ایل سے متعلق حکومتی تجویز پر عمل کرنے کا اعلان کیا ہے، کراچی میں ابھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے 5 میچز ہونا باقی ہیں۔

منگل کوکراچی میں وزیر صحت و بہبود آباد ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے،

کراچی میں محکمہ صحت کے اعلی سطح کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے بھی شرکت کی اور اس دوران کراچی میں ہونے والے میچز کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق محکمہ صحت نے وزیراعلی سندھ کو اسکولوں سمیت تعلیمی اداروں کو طویل عرصے کے لئے بند کرنے، پی ایس ایل میچز کے کراچی میں انعقاد اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کردی۔

محکمہ صحت سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو پی ایس ایل اور بڑے عوامی اجتماعات پر بھی پابندی عائد کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی کے لئے ایڈوائزری (ہدایات)جاری کی جائے گی۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے محکمہ صحت کی کراچی میں پی ایس ایل مقابلے منسوخ کرنے کی تجویز مسترد کر دی۔سندھ حکومت نے پی ایس ایل میچز معمول کےمطابق کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کورونا وائرس سے متعلق محکمہ صحت کی تجاویز پر شدید اظہار برہمی کیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق صورتحال قابو میں ہے اور سندھ حکومت پی ایس ایل میچز کےانعقاد کےلئے تمام ضروری انتظامات کرےگی۔

وزیراعلی سندھ نے پی ایس ایل میچز پر پابندی اور اسکول تعطیلات میں توسیع کی سفارش کرنے پر محکمہ صحت پر اظہار برہمی کرتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کی سخت سرزنش کی اور کہا محکمہ صحت کا اعلامیہ شہر میں کورونا وائرس سے متعلق خوف و ہراس پھیلانے کی وجہ بنا۔

اس حوالے سے ترجمان پی سی بی نے بتایا کہ پی سی بی کے اعلی حکام سندھ حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وہ حکومت کے ساتھ اجلاسوں میں بھی شریک ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ حکومت کی جو بھی ہیلتھ ایڈوائزری ہو گی اس پر پی سی بی مکمل عملدر آمد کرے گا۔پی سی بی حکام کے مطابق پی ایس ایل انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈاکٹر خان کراچی پہنچیں گے مگر فی الحال میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ اب تک 4 ہزار ہلاکتیں رپورٹ کی جاچکی ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 16ہے جن میں کراچی سے مزید 9کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 13ہے۔