موسلا دھار بارش

کراچی میں آج اور کل بھی موسلا دھار بارش کا امکان، اربن فلڈنگ کا خطرہ

کراچی (ڈیلی مسلم ورلڈ)محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کو بھی کراچی میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کردی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیر کو بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے جب کہ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین میرپور خاص میں اتوار اور پیر کو بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی رہے گا۔محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ زیریں سندھ کے علاقے بارشوں کے باعث دوبارہ زیر آب آسکتے ہیں جس کے سبب تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اتوار اور پیر کو تیز بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ آج کراچی میں زیادہ بارش کا امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیر کو بارش کی شدت جمعرات کی بارش سے کم ہونے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کراچی میں مون سون بارشوں کے 10 سالہ ریکارڈ کے مطابق حالیہ سال معمول سے 218 فیصد زائد بارشیں ہوئی ہیں اور ابھی مزید بارشوں کا بھی امکان ہے۔

2020 میں سب سے زیادہ بارشیں ہوئیں، 10 سالہ اعداد و شمار جولائی سے اگست کے دوران تک کے ہیں جب کہ رواں سال یکم جولائی سے 27 اگست تک مون سون میں معمول سے 218 فیصد زائد بارشیں ہوچکی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق 2010 اور 2011 کے بعد 6 سال مون سون بارشیں معمول سے کم رہیں جب کہ 2019 اور 2020 زیادہ بارشوں والے سال تھے۔ محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ رواں مون سون میں مزید بھی بارشیں متوقع ہیں