ہمایوں اختر خان

معیشت کی پائیدار ترقی کےلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کیمو تھراپی کی طرح کا مرحلہ ہے ‘ہمایوں اختر خان

لاہور(ڈیلی مسلم ورلڈ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت کو قرضے لینے کا طعنہ دینے والے ملک کو قرضوں کے سمندر میں دھکیل کر گئے ،نا تجربہ کاری کا شوروغوغہ کرنے والی اپوزیشن درست کہتی ہے کہ موجودہ حکومت کوسابقہ حکمرانوں کی طرح کرپشن کرنے کا کوئی تجربہ نہیں ،حضرت امام حسین ؓ اور ان کے رفقاءنے دین اسلام کےلئے لازوال قربانی دی جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ حکومت کے ستون سمجھے جانے والے اسحاق ڈار نے کاسمیٹیکس پالیسیوں کے ذریعے معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ کیا اس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے ۔

حکومت معیشت کی پائیدار ترقی کے لئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کر رہی ہے اوریہ مرحلہ کیمو تھراپی سے کم نہیں ۔ سابقہ حکمرانوںکی وجہ سے ملک قرضوں کے چنگل میں ایسا پھنسا یاہے کہ قرضوں کو اتارنے کےلئے نئے قرضے لینے پڑے ۔ انہوںنے کہا کہ خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں لیکن پیپلز پارٹی اور(ن) لیگ کا کھلی آنکھوں سے دوبارہ اقتدار میں آنے کے خواب دیکھنا اچھی علامات نہیں۔ ان کی خواہشات کے برعکس 2023ءتک کوئی بھی سال عام انتخابات کانہیں بلکہ ترقی کی رفتار مزید تیز ہونے کا سال ثابت ہوگا ۔

یوم عاشور کے حوالے سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ کی قربانی پوری انسانیت کےلئے مشعل راہ ہے۔ شہداءکربلا نے حق و صداقت اور اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اسلام کو نئی روح بخشی۔ ہم اس نبی ﷺ کے پیروکار ہیں جنہوں نے ہمیشہ محبت، رواداری اور بھائی چارے کا دَرس دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا محض ایک پہلو نہیں بلکہ جہاد، قربانی، صبر،برداشت،استقامت، حق گوئی، بےباکی ،دیدہ دلیری اور جرات کے ہزاروں پوشیدہ اسباق اس ایک واقعہ میں حق کے متلاشیوں کی رہنمائی کرتے ہیں۔