عظمیٰ بخاری

کربلا اللہ کی رضا پر سر تسلیم خم کرنے کا دوسرا نام ہے’ عظمیٰ بخاری

لاہور( ڈیلی مسلم ورلڈ )مسلم لیگ(ن)پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ کربلا اللہ کی رضا پر سر تسلیم خم کرنے کا دوسرا نام ہے ،امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقا ء نے میدان کربلا میں عظیم تاریخ رقم کی ،امام حسین علیہ سلام کی قربانی نے اسلام کو نئی زندگی بخشی ۔

یوم عاشور کی مناسبت سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بی بی زینب کا کربلا میں کردار تمام خواتین کیلئے عملی نمونہ ہے ،جابر اور ظالم حکمران کے سامنے کلمہ حق بلند کرنا سب سے بڑا جہاد ہے ،امام حسین علیہ السلام نے ظالم حکمران کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیا ہے ،شہدائے کربلا نے اپنے خون سے دین اسلام کی تحریر لکھی ہے ،ا مام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقا ء نے جس مقصد کیلئے قربانی دی اس مقصد کو ہمیں ہمیشہ اپنے سامنے رکھنا چاہیے ،شہدائے کربلا کی عظیم قربانی نے اسلام کے آفاقی اصولوں صبر،برداشت اور قربانی کو تاقیامت زندہ کردیا،شہادت امام حسین علیہ السلام حقیقت میں حق کی فتح اور جھوٹ کی شکست ہے۔