عثمان ڈار

حکومت نوجوانوں کے ذریعے ایس ایم ای سیکٹر کو مضبوط بنا کے قومی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کر رہی ہے، عثمان ڈار

فیصل آباد (ڈیلی مسلم ورلڈ) وزیر اعظم کے مشیر عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کے ذریعے ایس ایم ای سیکٹر کو مضبوط بنا کے قومی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کے ذریعے کامیاب جوان سکیم کے تحت قرضوں کی حد کو پچاس لاکھ سے بڑھا کے اڑھائی کروڑ روپے کر دیا گیا ہے اس سکیم کے تحت قرضوں کی تقسیم کی ذمہ داری صرف 3بینکوں کو سونپی گئی تھی جبکہ اب اس میں مزید 18بینکوں کو شامل کر لیا گیا ہے۔

اس سکیم کے تحت قرضوں پر مارک اپ کی شرح صرف 3فیصد ہو گی تاکہ یہ نوجوان نوکریاں ڈھونڈنے کی بجائے خود اپنا کاروبار شروع کر کے مزید بے روزگار نوجوانوں کو بھی نوکریاں مہیا کر سکیں۔ ۔ یہ بات نوجوانوں کے بارے میں انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی جس میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے بھی شرکت کی۔

انہوںنے اس سکیم کو پاکستان کی تاریخ میں انوکھا تجربہ قرار دیا اور کہا کہ اس کو کامیاب بنانے کیلئے تمام چیمبر ز کو لوپ میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے ملکی معیشت میں فیصل آباد کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ آئندہ پندرہ روز تک خود فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا دورہ کریں گے تاکہ یہاں کے نوجوانوں کو بھی اس سکیم کی افادیت سے آگاہ کیا جا سکے۔ عثمان ڈار نے مزید کہا کہ چیمبر زاس سکیم کیلئے صرف سنجیدہ نوجوانوں کی سفارش کریں تاکہ ان کو ترجیحی بنیادوںپر قرضے دیئے جا سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سکیم کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے ملک کے تمام چیمبروں میںکامیاب نوجوان سکیم کے حوالے سے ہیلپ ڈیسک قائم کئے جائیں گے۔ انہوںنے یقین دلایا کہ چیمبر کے ذریعے ملنے والی درخواستوں کو ترجیح دی جائے گی۔

انہوںنے مزید کہا کہ ان درخواستوں کی منظوری میں غیر معمولی تاخیر پر شکایات وزیر اعظم کے ڈیجیٹل پورٹل پر کی جا سکتی ہیں جن کا فوری ازالہ کیاجائے گا۔ زوم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا صنعتی، معاشی اور تجارتی مرکز ہے۔ اس وقت ملک کی ٹیکسٹائل کی برآمد میں 60فیصد کا حصہ صرف یہ شہر ڈال رہا ہے۔

انہوں نے اس شہر کی ترقی کو ایس ایم ای سیکٹر سے منسوب کیا اور بتایا کہ اس شہر کی برآمدات میں بھی زیادہ حصہ ایس ایم ای سیکٹر کا ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کو محاصل کی ادائیگی میں بھی یہ شہر کراچی کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ جبکہ اس چیمبر کے ممبروں کی تعداد سات ہزار ہے ۔ رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کامیاب نوجوان سکیم کو سراہا اور اس کو کامیاب بنانے کے سلسلہ میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے عثمان ڈار کی آئندہ پندرہ روز تک فیصل آباد آمد کا خیر مقدم کیا اور مطالبہ کیا ہے کہ چیمبر کا ممبر بننے والے نوجوانوں کو ا س سکیم کے تحت قرضے ترجیحی بنیادوں پر دیئے جائیں۔