شبیہ جھولا علی اصغر

انجمن اثنائے عشریہ ماموں کانجن کے زیر اہتمام شبیہ جھولا علی اصغر اور تعزیہ کا مرکزی جلوس نکالا گیا

ماموں کانجن(نمائندہ خصوصی)انجمن اثنائے عشریہ ماموں کانجن کے زیر اہتمام شبیہ جھولا علی اصغر اور تعزیہ کا مرکزی جلوس انجمن کے تحصیل صدر میاں نجیب اللہ خاں بلوچ مقامی صدر ظفر حسین کاظمی ایڈووکیٹ سرپرست سید حسنین شیرازی ایڈووکیٹ زاہد ڈھکو اور جواد شیرازی کی زیر قیادت بنگلہ چوک سے نکالا گیا جو اپنے مقررہ راستے سے ہوتا ہوا کلمہ چوک چونگی نمبر 5پر پہنچا جہاں عزاداروں نے زنجیر زنی اور ماتم کیا

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری صفدر شاکر پی ٹی آئی ماموں کانجن سٹی کے صدر نعیم حیدر طور سابق چیئر مین ٹاﺅن کمیٹی ماموں کانجن خان علی رضا بلوچ اور رانا نعیم اقبال خاں کے علاوہ ایس پی صدر رانا محمد اشرف ڈی ایس پی تاندلہ نذر عباس شاہ اسسٹنٹ کمشنر تاندلہ اسامہ شارون نیازی پولیس کی نفری ٹی ایم سی کا عملہ بھی جلوس کے ہمراہ رہا کلمہ چوک پہنچ کر ذاکر اہلبیت آغا ندیم عباس بلوچ اف ساہیوال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں دین اسلام کی سربلندی کے لئے قربانی صبرو استقلال اور ظالم و جابر حکمران کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا کے بعد دنیا میں حسینی اور یزیدی دو ہی فرقے ہیں

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو طاغوتی و اسلام دشمن طاقتیں سازش کے تحت فرقوں میں تقسیم کرکے اپنے مفادات حاصل رہی ہیںاس لئے امت مسلمہ کو ہوش کے ناخن لیکر متحد ہونے کی ضرورت ہے انہوں نے مزید کہا کہ جو حسینؑ اور انکی آل سے محبت کرتا ہے وہ حسینی اور مسلمان ہے

اس موقع پر سید حسنین حیدرشاہ کے گھر سے زوالجناح بھی نکالا گیا اس موقع پر سید حسنین شیرازی ایڈووکیٹ نے جلوس و مجالس کے انعقاد کے لئے فول پروف سیکورٹی پر انتظامیہ اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کیا اس سے قبل صبح شیرازی ہاﺅس غوثیہ کالونی اورامام بارگاہ شہزادہ اکبر میں مجالس کا انعقاد ہوا جہاں سے عزادران بنگلہ جلوس میں شامل ہوئے