مرادسعید

موجودہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے موثر اقدامات اُٹھا رہی ہے،مرادسعید

سوات(ڈیلی مسلم ورلڈ)وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید ، صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان اور چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے موثر اقدامات اُٹھا رہی ہے اور عام آدمی کی زندگی آسان بنانے کیلئے کوشش کر رہی ہے ،

خیبر پختونخوا میں صحت انصاف کارڈ کے ذریعے غریب عوام کیلئے مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنا پی ٹی آئی حکومت کا انقلابی قدام ہے ، صوبے سمیت این اے 4 میں سڑکوں کاجال بچھایا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ مختلف علاقوں میں واٹر سپلائی سکیموں سمیت بجلی کے منصوبوں پر کام جاری ہے جس سے عوام کو خاطر خواہ سہولت میسر ہو گی ، این اے 4 میں چار یونیورسٹیاں منظور ہو چکی ہیں اور اس کے ساتھ ایک چلڈرن ہسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا ،چکدرہ تا فتح پور موٹر وے پر بہت جلد کام کا آغاز کیا جائے گا، سوات میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سوات کی تحصیل کبل کے مختلف علاقوں کانجو ،کبل میں واٹر سپلائی سکیم اور روڈ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر کارکنوں اور پی ٹی آئی کے قائدین بھی کثیر تعداد میں موجود تھے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سوات میں ترقی کا سفر جاری رہے گا اور اس ضمن میں یہاں پر مختلف یونیورسٹیاں ، ڈینٹل کالج ، چلڈرن ہسپتال اور دیگر منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں جس سے عوام کی زندگی بدل جائے گی انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ صوبائی حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے جس کے ذریعے غریب عوام کو مفت علاج معالجے کی سہولیات میسر ہو ں گی ۔