محرم الحرام

محرم الحرام ہمیں باطل کے سامنے ڈٹ جانے اور کلمہ حق بلندکرنے کا درس دیتا ہے

کراچی(ڈیلی مسلم ورلڈ) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں باطل کے سامنے ڈٹ جانے اور کلمہ حق بلندکرنے کا درس دیتا ہے‘ یہ ماہ مبارک شجاعت، بہادری اور قربانی سے عبارت ہے، حضرت امام حسینؓ کی دین اسلام کی سر بلندی کے لئے قربانی تا قیامت زندہ رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو نشتر پارک کے دورے کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میئر کراچی نے نشتر پارک میں منعقد ہونے والی مجلس کے منتظمین سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ عاشورہ میں جہاں تک ممکن ہوسکا بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا لیکن کراچی کی شدید بارشوں نے کراچی کی صورتحال کو انتہائی خراب کردیا ہے جس سے کراچی کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے بھر پور کوشش کررہے ہیں کہ ان مساجد، امام بارگاہوں اور کھلی جگہوں پر جہاں محرم الحرام کے حوالے سے پروگرام اور مجالس منعقد کی جارہی ہیں وہاں صفائی ستھرائی کا فوری اور ترجیحی بنیادوں پرانتظام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے علامہ شہنشاہ حسین نقوی سے باب العلم میں ملاقات کرکے انہیں کراچی کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا تھا اور بلدلیاتی مسائل کے حل اور امان وامان کے حوالے سے ان سے گفتگو ہوئی تھی، وہ بھی کراچی کی صورتحال پر انتہائی فکر مند تھے۔

میئر کراچی نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں مصائب وآلام میں ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے، امام حسینؓ نے ہر طرح کے مصائب اور مشکلات کا مقابلہ کرکے ہمیں یہ بتایاکہ ان سے گھبرانا نہیں چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بلا شبہ محرم حرمت والا مہینہ ہے، یوم عاشور کی عظمت اور فضیلت سے روز روشن کی طرح عیاں ہے اس حوالے سے بہت ساری روایات موجود ہیں، یوم عاشور کو ہی حضرت آدم علیہ اسلام کی توبہ قبول ہوئی، اسی دن حضرت نوح علیہ سلام کی کشتی ہولناک سیلاب سے محفوظ ہو کرجودی پہاڑ پر لنگر انداز ہوئی، اسی دن حضرت ابراہیم علیہ سلام کو اللہ تعالیٰ نے خلیل اللہ بنایا اور ان پر آگ کو حرام کردیا،

اسی دن حضرت سلیمان علیہ سلام کوبادشاہت ملی اور اسی دن حضرت موسی علیہ سلام اور ان کی قوم بنی اسرائیل کو اللہ تعالیٰ نے فرعون کے ظلم ستم سے نجات دلائی اور اسی دن حضرت امام حسینؓ اور ان کے عزیز اقارب اور رفقائے کار کی عظیم قربانیاں، عظمت، ہمت اور استقامت کی لازوال مثال تا قیامت کے لئے قائم ہوئی۔ میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے شہری یوم عاشور پر اپنے شہر کے لئے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ اس شہر کے مسائل کو حل کرے اور امن و امان کی صورتحال کو استحکام دے، یوم عاشور پر امن وامان برقرار رہے۔میئر کراچی وسیم اختر اور ان کے وفد نے اس موقع پر نشترپارک میں جاری مجلس میں بھی شرکت کی۔