شہباز شریف

حضرت امام حسین اور انکے ساتھیوں کا پاکیزہ لہو تا قیامت حق، اصول اور سچائی کی گواہی دیتا رہیگا‘ شہباز شریف

لاہور(ڈیلی مسلم ورلڈ)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے یوم عاشور پر حضرت امام حسین، اہل بیت اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام عالی مقام اور ان کے ساتھیوں کا پاکیزہ لہو تا قیامت حق، اصول اور سچائی کی گواہی دیتا رہے گا ،

خاتم الانبیا کے پیارے نواسے نے اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی، اپنے اہل خانہ اور ساتھیوں کی عظیم قربانی پیش کی ۔ یوم عاشور کی مناسبت سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین کی شہادت حق اور باطل کا فرق واضح کرنے کے لیے تھی ،دنیا میں آج بھی حضرت امام حسین اور یزید کی سوچ کے درمیان جنگ جاری ہے ،آج بھی دنیا میں ایک طرف انصاف، حق، اصول، سچائی کے علمبردار ہیں اوردوسری جانب اقتدار، اختیار، آمریت، فسطائیت اور جھوٹ پر کاربند قوتیں ہیں ۔

حضرت امام حسین کے پیروکار دنیا میں امن، انصاف اور عوام کی بھلائی کے راستے پر چل رہے ہیں جبکہ باطل قوتیں ظلم وجبر، اصول اور عوام کے حقوق کی پامالی اور استحصال کا نشان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین نے درس دیا کہ اصول کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کردینے والے اقتدار پر قبضہ کرنے والوں کے مقابلے میں اللہ تعالی کی بارگاہ اور تاریخ میں سرخرو رہتے ہیں،

صرف مسلمان ہی نہیں دنیا کا ہر حق پرست، انصاف پسند اور باضمیر انسان حضرت امام حسین کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے حق پر ہونے کی گواہی دے رہا ہے ،حسین کا نام ہر یزیدی سوچ اور کردارکی موت ہے ،اللہ تعالی شہدائے کربلا کے درجات اور مرتبے بلند سے بلندتر فرمائے اور ہمیں امام عالی مقام امام کے نقش قدم پر چلنے والے سعادت مندوں میں شامل فرمائے۔