جماعت اسلامی

جماعت اسلامی کے ضلعی ذمہ داران ترجیحی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کے لئے امیدواران کے فیصلے کریں

لاہور (ڈیلی مسلم ورلڈ)امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے ضلعی ذمہ داران ترجیحی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کے لئے امیدواران کے فیصلے کریں ۔جماعت اسلامی شروع دن سے ملک میں جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمے اور غریب عوام کے حقو ق کی خاطر جدوجہد کررہی ہے عوام ہمارا ساتھ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مافیا کے سامنے بے بس نظر آتی ہے۔ کہیں چینی، آٹا ، پٹرولیم، کمیشن مافیا سرگرم ہے تو کہیں ناجائز منافع خوروں اور ڈرگ مافیا نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ حکمرانوں نے 22کرو ڑ عوام کو ان بے رحم مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

مہنگائی کی شرح میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔ عوام نے جس فرسودہ نظام کے خاتمے کے لئے تحریک انصاف کا ساتھ دیا ، آج وہی ظالمانہ نظام مسلط ہے۔ کرپشن میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے مالیاتی خسارے کا سامنا ہے۔ عوام کو ریلیف کے نام پر مسلسل بے وقوف بنانے کا عمل جاری ہے۔ناقص حکمت عملی سے مہنگائی، بے روزگاری آسمان سے باتیں کررہی ہے۔

محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ چینی اور آٹے کے بعد زکوٰة فنڈ میں خرد برد کے بڑے اسکینڈلز سامنے آ رہے ہیں مگر ذمہ داران کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے حکمرنوں کے تمام دعوے محض ڈنگ ٹپاﺅ کے سوا کچھ نہیں۔حکومت کی ناکام پالیسیوں کی بدولت مہنگائی کی شرح میں ہوشر با اضافے سے متوسط طبقہ بھی محتاجی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے جبکہ غریب زندہ درگور ہوگیا ہے۔