ہمایوں اختر خان

لیگی رہنمائوں کا واپس نہ آنے پر اصرار اور نواز شریف کا علاج ادھورا چھوڑ کر واپس آنیکی ضد فلمی کہانی لگتی ہے’ ہمایوں اختر

اسلام آباد(ڈیلی مسلم ورلڈ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کی ترقی اور بحالی کیلئے 1100ارب روپے کے پیکج کا اعلان اورتمام اسٹیک ہولڈرزکو ایک پیج پر لاکر غیر معمولی اقدام اٹھایا ہے ،وزیر اعظم عمران خان سیاست سے بالا ترہو کر پورے ملک میں یکساں ترقی کے خواہشمندہیں اور اس جانب عملی پیشرفت بھی جاری ہے ،

مسلم لیگ (ن) کا نواز شریف سے علاج مکمل ہونے تک وطن واپس نہ آنے کی ہاتھ جوڑ کردرخواست کرنااورنواز شریف کا علاج ادھوراچھوڑ کرواپس آنے کی ضد کرنا فلمی کہانی لگتی ہے ،احسن اقبال درست کہتے ہیں عدالت نے نواز شریف کو سیرو و سیاحت کیلئے نہیں علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی ۔

اپنے ایک بیا ن میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ملک کو آگے لے جانے کیلئے اپوزیشن کو ” میں نہ مانوں ” کا بیانیہ ترک کرکے مثبت کردار ادا کرنا ہوگا ۔مسلم لیگ(ن) ووٹ کو عزت دو کا راگ تو الاپتی ہے لیکن عوام کے ووٹوں سے آنے والی حکومت اس کی آنکھوں میں کھٹکتی ہے ۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کئی دہائیوں سے اقتدار کی باریاں لے رہی ہیں اس لئے اقتدار سے دوری انہیں بے چین کئے ہوئے ہے ۔

انہوںنے کہا کہ اے پی سی اور اس میں متوقع فیصلوں سے اپوزیشن کی اپنی عزت اور ساکھ دائو پر لگ جائے گی اس لئے امید ہے کہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی احتیاط برتیں گی کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ موجودہ حالات میں عوام ان کی کسی کال کو پذیرائی نہیں دیں گے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست بندگلی میں داخل ہوچکی ہے اور آگے اندھیرا ہی اندھیرا ہے ،فاضل عدالت نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے ایک حکم دے چکی ہے اور اس کے بعد آئندہ کیلئے جو حکم ہوگا اس پر عمل کیا جائے گا ۔