شاہ سلمان اور ولی عہد کی شیخ محمد بن زاید کو مبارک باد

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو متحدہ عرب امارات کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’سعودی قیادت نئے صدر کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعلقات کومزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کی منتظر ہے۔‘
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کی اعلٰی کونسل نے شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو ملک کا صدر منتخب کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق سنیچر کو ملک کی سات ریاستوں کے حکمرانوں نے ابوظبی کے المشرف پیلس میں منعقدہ ایک اجلاس میں شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے حق میں متفقہ طور پر ووٹ دیا۔