اسرائیلی فورسز نے فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا.

سرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنین شہر کے پناہ گزین کیمپ میں سنیچر کی صبح چھاپے کے دوران ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنین شہر پر اسرائیلی قبضے اور جارحیت کے دوران 17 سالہ نوجوان ہلاک اور 18 سالہ نوجوان فلسطینی شدید زخمی ہو گیا تھا۔

اسرائیلی فورسز کی جانب سے حملوں کی لہر کے بعد حالیہ کشیدگی کے باعث جنین کا پناہ گزین کیمپ ایک فلیش پوائنٹ کے طور پر جانا جاتا ہے جہاں اب تک 19 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
جنین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی کارروائی کے دوران گزشتہ ہفتے 13 فلسطینی زخمی ہوئے تھے، اس کارروائی میں ایک اسرائیلی کمانڈو اور ایک فلسطینی ہلاک بھی ہو گیا تھا۔
اس کارروائی میں ہلاک ہونے والے فلسطینی کا نام داؤد الزبیدی بتایا گیا جو زکریا الزبیدی کے بھائی تھے جو فلسطینی صدر محمود عباس کی تحریک فتح کے مسلح ونگ کے سربراہ تھے اور گزشتہ سال اسرائیلی جیل سے فرار ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ یہ جنین شہر میں یہ کارروائی الجزیرہ کی صحافی شیریں ابوعاقلہ کے جنازے کے موقع پر تشدد کی کارروائی سے چند گھنٹے قبل کی گئی۔
الجزیزہ چینل کی خاتون صحافی شیریں ابوعاقلہ گزشتہ ہفتے جنین کیمپ پر اسرائیلی حملے کی کوریج کے دوران سر میں گولی لگنے کے باعث ہلاک ہو گئی تھیں۔
بعد ازاں الجزیرہ کی صحافی کے جنازے کے جلوس پر بیت المقدس کے ایک ہسپتال کے باہر دھاوا بول دیا گیا جب مقتول صحافی کی لاش کو تدفین کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔ اس کارروائی کے بعد بین الاقوامی سطح پر احتجاج کیا گیا تھا۔