اسد قیصر

موجودہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے، اسد قیصر

اسلام آباد (ڈیلی مسلم ورلڈ)قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کہاہے کہ موجودہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے، قائد اعظم کے فرمودات کی روشنی میں اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے ، ملک کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادر ی کا کردار قابل ستائش ہے، ہمیں ایک قوم بن کر ملک و قوم کی ترقی کے لیے جدوجہد کرنی ہو گی، عالمی برادری آر ایس ایس کے پیروکار مودی سرکار کی طرف سے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لے۔

منگل کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اقلیتوں کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اسلام تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مساوی حقوق فراہم کرتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ اسلام تمام مذہب کو مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ زندگی بسر کرنے کی اجازت دیتا ہے،آئین پاکستان بھی اقلیتی برادری کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ اسد قیصر نے کہاکہ تمام اقلیتوں کو اپنے مذہب اور عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی دیتا ہے،موجودہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے۔اسد قیصر نے کہاکہ 11اگست 1947 کو قائد اعظم محمد علی جناح نے قانون ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس سے خطاب تھا، اس خطاب میں قائد اعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کی تھی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح نے خطاب میں پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کو مساوی حقوق دینے کا کہا تھا۔

اسد قیرص نے کہاکہ بابائے قوم نے خطاب کیا تھا کہ پاکستان میں ہر کسی کو اپنے عقیدے اور مذہب کے مطابق عبادات کرنیکی مکمل آزادی حاصل ہوگی، قائد اعظم کے فرمودات کی روشنی میں اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا، اقلیتوں کو مذہبی رسم و رواج کے مطابق زندگی بسر کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اْٹھائے جار ہے ہیں، موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی کرتارپور راہداری کے منصوبے کو عملی جامہ پہنایا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ جو اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت اقلیتی برادری کی مذہبی آزادی پر یقین رکھتی ہے، آئین پاکستان کے تحت ایوان میں اقلیتی برادری کو متناسب نمائندگی حاصل ہے،

پاکستان میں تمام اقلیتوں کو عام انتخابات میں ووٹ دینے کا حق بھی حاصل ہے۔اسد قیصر نے کہاکہ ایوان میں موجود اقلیتی نمائندے قانون سازی کے عمل میں انتہائی موثر کردار ادا کر رہے ہیں، ملک کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادر ی کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے ماننے والے پاکستانی ہیں، ہمیں ایک قوم بن کر ملک و قوم کی ترقی کے لیے جدوجہد کرنی ہو گی۔اسد قیصر نے کہاکہ بھارت کی فاشسٹ حکومت نے بھارت میں اقلیتوں خصوصاََ مسلمانوں پر زمین تنگ کر رکھی ہے، بھارت میں مسلم باقلیت پر ڈھائے جانے والے مظالم انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔

انہوںنے کہاکہ بنیاد پرست مودی سرکار کے دور حکومت میں بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ انتہائی نا مناسب سلوک روا رکھا جا رہا ہے، بھارتی حکومت نے بھارت سے اقلیتوں کو ہجرت کرنے پر مجبور کر رہی ہے جو انتہائی تشویشناک ہے، عالمی برادری آر ایس ایس کے پیروکار مودی سرکار کی طرف سے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لے