حکومتی اقدامات

حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے، وفاقی وزیر بحری امور

اسلام آباد(ڈیلی مسلم ورلڈ ) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ حکومت کا کام کاروبار کے لئے ساز گار ماحول فراہم کرنا ہے،حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔

تفصیلات کے مطابق نجکاری کمیشن کے زیر اہتمام سرکاری املاک کی نیلامی کی تقریب ہوئی، وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر علی زیدی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں تاریخی کام ہوئے، ساری وزارتوں سے املاک لے کر آج نجکاری کا عمل شروع کیا،کئی املاک گزشتہ پچاس سالوں سے استعمال میں نہیں لائی گئیں مگر ہم نے لینڈ بینک کیلئے دو سال پہلے کوششیں شروع کیں جو آج کارگر ثابت ہورہی ہیں۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور نے کہا کہ سرکاری املاک کے موثر استعمال کی پالسی وضع کی گئی ہے، نجکاری کا عمل مکمل شفاف ہوگا،حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں ہوتا جبکہ ملک کا ترقیاتی پروگرام قرض پر چل رہا ہے۔

علی زیدی کے مطابق کراچی میں چار ایکڑ زمین پر ایف بی آر اور کے پی ٹی کے درمیان متنازعہ ہے،دونوں اداروں کی جانب سے زمین پر ملکیت کے دعوے کے باعث اس کے استعمال کا کوئی منصوبہ نہیں ہے،اداروں کو فعال بنانے کے لئے وسائل کا بھرپور استعمال ضروری ہے،سرکاری کمپنیاں بہت کم منافع بخش ہوتی ہیں، پی آئی اے نقصان میں ہے لیکن نجی فضائی کمپنیاں منافع کما رہی ہیں۔ اس سے قبل وزارت نجکاری کے زیر انتظام اسلام آباد میں سرکاری اداروں کی املاک کی نیلامی کی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی نجکاری میں گہری دلچسپی ہے، انیس اداروں کی املاک کی مکمل شفاف انداز میں نجکاری کی جائیگی، ان سرکاری املاک کی فروخت سے حاصل شدہ رقم قرض کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے بتایا کہ چار سال بعد نجکاری کا عمل شروع کیا گیا ہے،سرکاری اداروں کی غیر استعمال شدہ املاک کو فروخت کیا جا رہا ہے،اس نوعیت کی نجکاری سے مسابقت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ زلفی بخاری نے بتایا کہ نجکاری کمیشن کی جانب سے سرکاری زمینوں کی نیلامی کے پہلے مرحلہ میں پانچ سرکاری املاک کی نیلامی ہو گی، جس میں زلزلہ بحالی و تعمیر نو اتھارٹی یعنی ایرا کی پیر سوہاوا کی زمین سمیت اسلام آباد کنٹری کلب میں واقع دو فلیٹس کی نیلامی ہوگی،جن کی ریزرو قیمت چھ کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ریزرو قیمت چھ کروڑ روپے کے ساتھ سینٹورس مال میں زلزلہ بحالی و تعمیر نو اتھارٹی کے فلیٹ کی نیلامی بھی ہوگی جبکہ پی ایچ اے کے سیکٹر جی 7/2 میں واقع ایرا کے فلیٹ کو فروخت کیا جائے گا،جس کی ریزرو قیمیت ڈیڑھ کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے، مجموعی طور پر آج نیلامی ہونے والی سرکاری املاک کی مجموعی طور پر ریزرو قیمت چودہ کروڑ پانچ لاکھ پچیس ہزار مقرر کی گئی ہے۔