پنجاب دیہی ترقی پروگرام کے تحت صوبے کے دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات بہتر بنانے کے لیے 23 ارب 85 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پروگرام کے پہلے مرحلے میں 475 دیہات کو شامل کرنے کی منظوری دی ہے۔ منصوبے کے تحت ہر منتخب گاؤں کے لیے 5 کروڑ روپے تک کی ترقیاتی رقم مختص کی جائے گی۔ اس رقم سے سڑکوں، گلیوں، سیوریج اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔
حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے خوشحال دیہات کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ حکام کے مطابق پہلے مرحلے کے بعد مزید 2 ہزار دیہات کے لیے دوسرے مرحلے کا جامع منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ترقیاتی فنڈز کی پہلی قسط نومبر میں کمیٹیوں کو جاری کی جائے تاکہ منصوبوں پر عملی کام شروع ہو سکے۔