پاکستان ایتھوپیا تجارت کو مزید فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک نے دوطرفہ اقتصادی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایتھوپیا کی وزیر تجارت و علاقائی انضمام یاسمین وہابریبی کے درمیان ورچوئل ملاقات میں تجارت، عالمی تجارتی تنظیم میں ایتھوپیا کی شمولیت اور فارماسیوٹیکل مارکیٹ تک رسائی سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔ پاکستان نے ایتھوپیا کو مشرقی افریقی منڈیوں کے لیے اہم گیٹ وے قرار دیا۔ دونوں جانب مینوفیکچرنگ، ادویات، زراعت، ٹیکسٹائل اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی وزارت تجارت کے مطابق مقصد سیاسی روابط کو عملی تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع میں تبدیل کرنا ہے۔