پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانا اسموگ کے سیزن میں انتظامیہ کی خاص توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور لاہور ڈویژن میں اس عمل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کردی گئی ہے۔ کمشنر لاہور کے مطابق فصلوں کی باقیات جلانے پر اب تک 25 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں اور جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے کسانوں کو آگاہی دینے کے لیے وارننگ نوٹس، اعلانات اور دیگر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ چاول کی کٹائی کا عمل مکمل ہونے کے قریب ہے، اس لیے باقیات جلانے کے رجحان کو روکنے کے لیے نگرانی مزید بڑھائی جائے گی۔ اسموگ کے خاتمے کے لیے مقامی آلودگی کے ذرائع پر قابو پانے کے ساتھ دیگر ماحولیاتی عوامل کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔