لاہور میں اسموگ کے خلاف کارروائی

لاہور میں اسموگ کے خلاف کارروائی، 1 کروڑ 26 لاکھ روپے جرمانے

لاہور میں اسموگ کے خلاف کارروائی مزید سخت کردی گئی ہے اور کمشنر لاہور نے آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔ لاہور ڈویژن میں یکم اکتوبر سے اب تک 3,435 صنعتی یونٹس، 2,245 اینٹوں کے بھٹوں اور 1,711 ریسٹورنٹس کا معائنہ کیا گیا۔ خلاف ورزیوں پر 97 مقدمات درج کیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 1 کروڑ 26 لاکھ روپے جرمانے عائد کیے گئے۔ فصلوں کی باقیات جلانے پر بھی 25 ایف آئی آرز درج ہوئیں۔ انتظامیہ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، بغیر ڈھانپے مٹی یا ریت لے جانے والی ٹرالیوں، کچرا اور ٹائر جلانے اور غیر معیاری ایندھن کے استعمال کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تعمیراتی مقامات اور سڑکوں پر پانی اور مسٹ اسپرے جاری رکھنے جبکہ لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر اینٹی اسموگ اسکواڈز کو ہائی الرٹ رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔