چینی برآمد کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے، پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مزید 4 لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں ہونے والے جنرل باڈی اجلاس میں شوگر مل مالکان نے ملک میں موجود اضافی اسٹاک پر تشویش کا اظہار کیا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں تقریباً 11 لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی کا اسٹاک موجود ہے، جبکہ پہلے ہی 2 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے۔
شوگر ملز کا کہنا ہے کہ موجودہ اسٹاک کی صورتحال کے باعث 2026-27 کی کرشنگ سیزن شروع کرنے میں مالی مشکلات کا سامنا ہے اور ممکن ہے کہ کرشنگ دسمبر سے پہلے شروع نہ ہو سکے۔ چینی برآمد کرنے کا مطالبہ صرف اضافی اسٹاک کم کرنے تک محدود نہیں بلکہ شوگر سیکٹر کے لیے طویل عرصے سے زیر التوا ڈی ریگولیشن پالیسی کے اعلان کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چینی کے اضافی اسٹاک اور آئندہ سیزن کی پیداوار کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی فیصلے جلد کیے جائیں۔ شوگر مل مالکان نے 16 نومبر کو لاہور میں پریس کانفرنس کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔